پی ٹی آئی کی حکومت جمہوریت کی کھال میں آمریت ہے‘ عاجز دھامراہ

پی ٹی آئی کی حکومت جمہوریت کی کھال میں آمریت ہے‘ عاجز دھامراہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ، کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شکیل چوہدری، ضلع شرقی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت اور ضلع سینٹرل کے سیکریٹری اطلاعات شہزاد مجید نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت جمہوریت کی کھال میں آمریت کا درندہ ہے‘ سلیکٹیڈ وزیراعظم اپوزیشن جماعتوں اور عوام کے احتجاج کو دبانے کیلئے ڈنڈے کا سہارا لئے کھڑے ہیں اور وہ بھول گئے ہیں کہ ان سے پہلے آنے والے ڈکٹیٹر وں اور اپنے آپ کو بادشاہ سمجھنے والوں کاجو حال ہوا وہی ان کا بھی ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی نالائق حکومت کے سبب میڈیا پر جو ضرب لگائی جارہی ہے وہ زیادہ دن نہیں چل سکتی اور بہت جلد عوام ان کے گھروں کا اور دفتروں کا گھیراؤں کر کے حساب مانگے گی۔ ملک کو معاشی دہشت گردی کی نذر کر کے اور عوام کو جرم کی طرف راغب کرنے والی حکومت کو صرف اپنی عیاش وعشرت دکھ رہی ہے۔ ملک کے خیر خواہ بننے والوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے سپرد کر دیا ہے اور عوام پر بھاری ٹیکسوں کے ساتھ ساتھ مہنگائی کی شرح میں ہوشربا اضافہ کر کے انہیں جرم کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ٹیکسٹائل کی صنعت، مینی فیکچرنگ انڈسٹری سمیت ہر صنعت کار عمران نیازی کو دہائی دے رہا ہے ٹیکسز کی بھرمار نے عام آدمی سمیت کاروباری طبقہ کو بھی سڑکوں پرلا کر احتجاج کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر