”آئی سی سی نے ملین ڈالر میچ کو بلین ڈالر کے کاروبار میں بدل دیا“ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کپتان میچ شروع ہونے سے قبل کیا کر رہے تھے؟ راشد لطیف تصویر سامنے لے آئے

”آئی سی سی نے ملین ڈالر میچ کو بلین ڈالر کے کاروبار میں بدل دیا“ انگلینڈ اور ...
”آئی سی سی نے ملین ڈالر میچ کو بلین ڈالر کے کاروبار میں بدل دیا“ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کپتان میچ شروع ہونے سے قبل کیا کر رہے تھے؟ راشد لطیف تصویر سامنے لے آئے

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019ءمیں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا اہم میچ جاری ہے جس میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم تو سیمی فائنل میں جائے گی ہی مگر اس کیساتھ ہی پاکستانی ٹیم کی ٹورنامنٹ میں قسمت کا فیصلہ بھی ہو جائے گا۔

انگلینڈ کی ٹیم ٹاس جیت کر بیٹنگ کر رہی ہے اور بہترین پوزیشن میں ہے کیونکہ وہ کیوی ٹیم کو ایک بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوتی نظر آ رہی ہے۔ آج کے میچ کیلئے قومی شائقین کرکٹ کی سپورٹ بھی کیوی ٹیم کیساتھ ہے کیونکہ اس کی جیت پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی راہ بھی ہموار کر دے گی۔

اس سے قبل انگلینڈ کے ہاتھوں بھارت کی شکست پر خوب انگلیاں اٹھائی گئیں اور کہا جانے لگا کہ بھارت جان بوجھ کر یہ میچ ہارا ہے تاکہ پاکستان سیمی فائنل میں نہ پہنچ سکے اور اب پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف نے آج کے میچ کے حوالے سے انتہائی حیران کن تصویر جاری کرتے ہوئے ایک ایسا بیان جاری کر دیا ہے کہ ہر کوئی حیرت زدہ رہ جائے۔

انہوں نے این مورگن اور کین ولیم سن کی ایک دوسرے کیساتھ بغل گیر ہونے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ”یہ تاریخ کا سب سے زیادہ قابل پیش گوئی ورلڈکپ ہے۔ انہوں نے ایک ملین ڈالر گیم کو بلین ڈالر بزنس میں بدل دیا ہے۔ 21 جون 2019ءکی تاریخ یاد رکھیں۔“

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 21 جون کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ کھیلا گیا تھا جس میں حیران کن طور پر سری لنکا نے فتح حاصل کی تھی اور اس وجہ سے ناصرف انگلینڈ کی سیمی فائنل میں رسائی کی راہ میں مشکلات پیش آئیں بلکہ دیگر ٹیموں کی سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات میں بھی واضح تبدیلی آ گئی۔

مزید : کھیل