پاکستان نے اپنی سب سے مزیدار چیز متحدہ عرب امارات پہنچادی، میلہ لگ گیا

پاکستان نے اپنی سب سے مزیدار چیز متحدہ عرب امارات پہنچادی، میلہ لگ گیا
پاکستان نے اپنی سب سے مزیدار چیز متحدہ عرب امارات پہنچادی، میلہ لگ گیا

  


دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے پھلوں کا بادشاہ متحدہ عرب امارات کے دورے پر بھیج دیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق پاکستان جو سالہا سال سے متحدہ عرب امارات کو آم برآمد کر رہا ہے، رواں سال بھی اس کے آم امارات پہنچ گئے ہیں جہاں پاکستانی آموں کا ایک میلہ بھی لگنے جا رہا ہے۔ اس سال پاکستان 1لاکھ میٹرک ٹن آم برآمد کرنے کی توقع کر رہا ہے جس سے اسے 8کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہو گا۔ اخبار کے مطابق پاکستانی آم متحدہ عرب امارات پہنچ چکے ہیں اور وہاں کی مارکیٹ پر اپنا غلبہ قائم کر چکے ہیں کیونکہ ذائقے میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ متوقع طور پر متحدہ عرب امارات کے تاجر 60لاکھ ڈالر مالیت کا پاکستانی آمد امارات درآمد کریں گے جو پاکستان کے کل برآمد ہونے والے آم کا 30فیصد ہو گا۔ امارات میں پاکستانی آموں کی مقبولیت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے آموں کا ایک میلہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میلہ 11جولائی سے 13جولائی تک دبئی کے پلازو ورسیس ہوٹل میں لگے گا۔اس حوالے سے پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی نے خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”پاکستانی آم متحدہ عرب امارات میں پہلے ہی بہت مقبول ہیں۔ پاکستان آموں کی 225اقسام پیدا کرتا ہے۔ ان میں چونسہ، سندھڑی، دوسہری اور انوررٹول شامل ہیں۔ ان تمام اقسام کی متحدہ عرب امارات کی مارکیٹوں میں بہت مانگ ہے۔ ہم منصوبہ بندی کر رہے ہیں کہ ایک 3روزہ مینگوفیسٹیول کا انعقاد کیا جائے جس کا نام ’پاکستان، دی کنگڈم آف مینگوز‘ ہو گا۔“

مزید : عرب دنیا