اتحادی ساتھ ہیں،سول ملٹری تعلقات جیسے اب ہیں پہلے کبھی نہیں رہے: اسد عمر
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے چائے کی پیالی میں طوفان برپا کرنے کی کوشش کی، ایک گروپ مائنس ون، دوسرا قومی حکومت اور تیسرا گروپ نئے انتخابات چاہتا ہے، پہلے خود فیصلہ کر لیں کہ اپوزیشن آخر چاہتی کیا ہے، اتحادی چھوڑ کر نہیں جا رہے، سول ملٹری تعلقات جیسے اب ہیں پہلے کبھی نہیں رہے، جی ڈی اے کو سندھ میں انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ جمعرات کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی حالیہ گفتگو میں جو درد بھرا ہوا ہے وہ سب کو نظر آ رہا ہے۔ اپوزیشن پہلے خود تو فیصلہ کرلے انہوں نے کرنا کیا ہے۔ اپوزیشن نے ایسا تاثر بنانے کی کوشش کی ہے جیسے بجٹ پاس کروانے میں ناکامی پر حکومت ختم ہو جائے گی۔ اسد عمر نے کہا کہ میں حکومت ک اتحادیوں کے ساتھ مذاکرات میں شامل تھا جبکہ تحریک انصاف کے ایم این ایز کے ساتھ مذاکرات کا بھی حصہ تھا صرف اختر مینگل نے کہا کہ اب ساتھ نہیں چل سکتے،اگر بلوچستان کے لئے کام کیا جائے گا تو ساتھ دوں گا۔اسد عمر نے کہا کہ اتحادیوں کے تحفظات اب بھی ہیں جو وقت کے ساتھ دور کر رہے ہیں۔ ہم نے کبھی اپنے ارکان اسمبلی سمیت اتحادیوں کے تحفظات سے انکار نہیں کیا، اتحادی ہمیں چھوڑ کر نہیں جارہے۔ مسلم لیگ ق کے بھی تحفظات ہیں لیکن وہ بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کرنے والوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اس لئے ان پر تنقید کی جارہی ہے۔ حکومت نے شوگر مافیا کے خلاف ایکشن لیا جس کی وجہ سے مزید قیمت بڑھنے سے رک گئی ہے۔ عمران خان ملک سے کرپشن کا خاتمہ بالکل ایسے ہی کریں گے جیسا انہوں نے وعدہ کیا تھا۔
اسد عمر