پیپلز پارٹی پنجاب کو فتح کرنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے،مسرت جمشید چیمہ

    پیپلز پارٹی پنجاب کو فتح کرنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے،مسرت جمشید چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پرچی پر چیئرمین بننے والے بلاول زرداری سیاسی تقویت لینے پنجاب کے دورے پر آئے، پیپلز پارٹی کو ان کے اپنے کارکن پذیرائی دینے کیلئے تیار نہیں لیکن یہ اپنی آنکھوں میں پنجاب فتح کرنے کے خواب سجائے بیٹھے ہیں،انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں سندھ میں بھی پانسہ پلٹ کر دکھائیں گے، مسلم لیگ (ن) نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی کیمپ نہیں لگائے بلکہ جماعت میں جاری قیادت کی کشمکش میں ایک دوسرے کو اپنی سیاسی طاقت دکھانے کا مظاہرہ کیا گیا۔ اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کی سیاست وزیر اعظم عمران خان کی مرہون منت ہے،اپوزیشن کو معلوم ہے جب تک عمران خان کا ذکر نہ کریں کوئی ان کی بات نہیں سنتا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس پنجاب میں تانگے کی سواریاں بھی نہیں اس لئے پنجاب کو فتح کرنے کے خواب چھوڑ کر سندھ کی فکر کریں جہاں ان کی جماعت روزانہ کی بنیاد پرسکڑ رہی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) نے کرپشن اور سیاسی مداخلت کے ذریعے اداروں کو کھوکھلا کیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے،قومی اداروں میں اصلاحات کا سب سے زیادہ کام موجودہ حکومت کے دور میں ہوا اور انشا اللہ قومی اداروں کو تنزلی سے نکالیں گے۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والے بتائیں وہ ملک میں کونسی دودھ اور شہد کی نہریں بہتی ہوئی چھور کر گئے تھے جو آج احتجاجی کیمپ لگا رہے ہیں۔ موجودہ حکومت آپ کے دور کے بیگاڑ کو سدھارنے کیلئے دن رات کوشاں ہے،دو سالوں میں 5ہزار ارب روپے صرف آپ کے چھوڑے ہوئے قرض اور سود کی ادائیگی کی مد میں ادا کئے گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے احتجاجی کیمپوں کے ذریعے اپنی جماعت میں کسے اپنی طاقت دکھائی گئی ہے شعور رکھنے والے اس سے آگاہ ہیں۔
مسرت جمشید

مزید :

صفحہ آخر -