عمران خان قومی اتفاق رائے میں بڑی رکاوٹ ہیں، رانا ثنا اللہ

  عمران خان قومی اتفاق رائے میں بڑی رکاوٹ ہیں، رانا ثنا اللہ

  

لاہور (جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان کاکہنا ہے کہ عمران خان ملک کے مسائل کی جڑ اور قومی اتفاق رائے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مائنس ون کی بات وزیراعظم کو پتا ہوگی کہ کہاں سے ہو رہی ہے۔ اگر مائنس ون فارمولہ آتا ہے تو اکیلے نہیں، سب سے مل کر فیصلہ کرینگے، ن لیگ کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ ملکی مسائل کے حل کے لئے قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے لیکن اس میں سب سے بڑی رکاوٹ عمران خان ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کی بات پیپلز پارٹی کی جانب سے آئی ہے۔ اے پی سی میں اس پر بات کریں گے۔ مائنس ون پر اکیلے فیصلہ نہیں کر سکتے، تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر بات کریں گے، تاہم ن لیگ کو اس پر اعتراض نہیں ہوگا۔ حکومت نے پی آئی اے کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ پی آئی اے جو پہلے سسکیاں لے رہی تھی، اس حکومت نے دفن کر دی۔ان کا کہنا تھا کہ چھ ارکان کی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی خبر آئی، وہ حلقے کے مسائل کے لئے ان کیساتھ ملے، یہ وہی لوگ ہیں جو سال پہلے بھی گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی پر حمزہ شہباز شریف کی گرفت مضبوط ہے۔ ابھی تک حکومت ن لیگ میں کوئی بڑا ڈنٹ ڈالنے میں ناکام رہی ہے۔ اگر یہی ان کی کارکردگی رہی تو جلد ساٹھ سے ستر لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر دوسری طرف آ جائیں گے۔

رانا ثنا اللہ

مزید :

صفحہ آخر -