تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے قیام میں ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی

    تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے قیام میں ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر و شیخ الحدیث مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کا قیام اور دیانتدار قیادت ہے۔ گیلانی سے لیکر عمران خان تک حکمرانوں نے بلوچستان کے اصل مسائل کو حل اور محرومیوں کو ختم کرنے کی بجائے اپنی کرسی مضبوط کرنے کیلئے روایتی جاگیردارانہ طبقہ کو راضی رکھا ہے۔ جماعت اسلامی نے اقتدار کے بغیر ہر فورم پر بلوچستان کے حق حاکمیت تسلیم کرنے سے لیکر عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور آواز اٹھائی رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے میڈیا سیل کے دورہ کے موقع پر بات چیت کے دوران کیا۔ بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا ہدایت الرحمن، اسلامی جمعیت طلبہ بلوچستان کے جنرل سیکریٹری ندیم بلوچ اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ جن لوگوں نے اقتدار کے مزے اور حقوق بلوچستان پر سودے بازی کر کے اپنے مفادات کی تکمیل کی آج وہی پھر بلوچستان کے حقوق کی بات کر کے کس کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مائنس ون یا ٹو کا مسئلہ نہیں ہے، فرسودہ و ظالمانہ نظام کا خاتمہ اور کرپٹ قیادت سے نجات کے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے کیونکہ ایک فرد کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جماعت اسلامی مظلوم، مزدور اور غریب دشمن نظام کے خلاف اور اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -