سکردوایئر بیس چین کے زیر استعمال ہونے کی خبریں بے بنیاد، گلگت بلتستان ار ایل او سی پر اضافی نفری تعینات نہیں کی گئی: ترجمان پاک فوج، موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے چوکس رہنا ہو گا: جنرل باجوہ
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پاک فوج نے گلگت بلتستان اور لائن آف کنٹرول پر اضافی فوجی دستوں کی تعیناتی اور چین کی جانب سے سکردو ایئر بیس استعمال کرنے سے متعلق بھارتی میڈیا کا جھوٹا پراپیگنڈہ مسترد کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا میں ایل او سی اور گلگت بلتستان میں پاک فوج کی اضافی نفری کے دعوے غلط ہیں، بھارتی میڈیا کی خبریں بے بنیاد اور سچ سے کوسوں دور ہیں کوئی فوجی نقل و حرکت یا اضافی تعیناتی نہیں کی گئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چینی فوج کی موجودگی کی بھی سختی سے تردید کرتے ہیں، اس کے علاوہ اسکردو ایئربیس چین کے استعمال کرنے کی رپورٹ حقیقت کے برعکس ہے، اس طرح کی خبریں غیر ذمہ دارانہ اور من گھڑت ہیں۔دریں اثناترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ کشمیری بچے کی دل دہلا دینے والی تصویر انسانی حقوق پر یقین رکھنے والوں کو یاد رہے گی،بھارت جھوٹی خبروں اور اپنی پراپیگنڈا مشینری کے ذریعہ دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا،بھارتی اقدام مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی مکروہ کوشش ہے،بھارتی شہریوں کو جموں و کشمیر کا ڈومیسائل جاری کرنا سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریحا خلاف ورزی ہے،پاکستان کی طرف سے افغانوں کے مابین براہ راست مزاکرات کے لئے مثبت کردار جاری رہے گا۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے معصوم لوگوں بھارتی مظالم جاری ہیں،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے سلسلے کو آج 332 دن ہو چکے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی ایک جھلک گزشتہ روز دنیا نے دیکھی،مقبوضہ کشمیر میں قانض بھارتی فوجی کی درندگی اور سفاری کا مظاہرہ دنیا نے دیکھا،سوپور میں تین سالہ بچے کی تصویر انسانیت پر یقین رکھنے والوں کو یاد رہے گی،کشمیری بچے کی دل دہلا دینے والی تصویر انسانی حقوق پر یقین رکھنے والوں کو یاد رہے گی،بھارتی جھوٹی خبریں اور پرپیگنڈہ حقیت کو نہیں بدل سکتے۔ ترجمان نے کہاکہ کشمیری عوام اور پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں نئے بھارتی ڈومیسائل کو مسترد کر دیا ہے،بھارتی اقدام مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی مکروہ کوشش ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی مظالم کی تصاویر دنیا بھر کے سامنے ہیں، بھارتی افواج کا غیر انسانی سلوک سامنے ہے۔ انہوں نے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے بلااشتعال شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے،بھارت کی طرف سے 25ہزار بھارتیوں کو جموں و کشمیر کا ڈومیسائل جاری کرنے کو مسترد کرتے ہیں،کشمیری عوام نے بھی نئے ڈومیسائل قوانین کو کلی طور پر مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی شہریوں کو جموں و کشمیر کا ڈومیسائل جاری کرنا سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریحا خلاف ورزی ہے،پاکستان بار بار کہہ رہا ہے کہ بھارت کے پانچ اگست کے اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو ان کی سرزمین پر اقلیت میں بدلنا اور جموں و کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنا ہے،یہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے ہندوتوا ایجنڈا کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی مندوب زلمے خلیل زاد سے ملاقات میں افغان امن عمل کے حوالے سے مثبت کردار جاری رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی طرف سے افغانوں کے مابین براہ راست مزاکرات کے لئے مثبت کردار جاری رہے گا،وزیرخارجہ نے افغان امن عمل کے حوالے سے حالیہ پیشرفت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہاکہ امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سربراہ نے مشیر تجارت عبدالرزاق داود سے ملاقات کی،ملاقات میں پاکستان اور افغانستان میں ترقیاتی منصوبوں پر بات کی گئی،زلمے خلیل زاد کے ساتھ وزیرخارجہ نے کراچی سٹاک ایکسچینج حملے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے اور سٹیٹ سپانسرڈ ٹیررازم کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی قیادت کی طرف سے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لئے سھشت گردی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کا معاملہ تسلسل سے بین الاقوامی برادری کے سامنے اٹھا رہے ہیں،۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی میں را کے ملوث ہونے کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے متعدد مرتبہ پیش کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سلامتی کونسل نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے،سلامتی کونسل نے دہشت گردی میں ملوث افراد، ان کے پس پردہ عوامل، محرکات اور ذمہ داران کو بے نقاب کرنے پر زور دیا،سلامتی کونسل نے تمام ممالک سے اس حوالے سے پاکستان سے تعاون پر زور دیا ہے،دنیا بھر میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کا سلسلہ جاری ہے، اس کے لئے ھمارے سفارتخانے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔
ترجمان پاک فوج
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چوکس رہنا ہوگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا جہاں انھیں اندرونی سیکیورٹی اور آپریشنل امور پر بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں چوکس رہنا ہوگا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کراچی میں امن کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اجتماعی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں انہوں نے گیرڑن، ہیلتھ اور فیلڈ آئسولیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی فارمیشن کی کورونا کے خلاف کوششوں کو سراہا۔ سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی۔
آرمی چیف