کارروائی کیلئے 28پائلٹس کی حتمی رپورٹ کابینہ میں پیش کر دی: وفاقی وزراء

کارروائی کیلئے 28پائلٹس کی حتمی رپورٹ کابینہ میں پیش کر دی: وفاقی وزراء

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ 28پائلٹس کی حتمی رپورٹ کابینہ میں پیش کردی گئی ہے جن کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے،پائلٹس سے ریکوری کافیصلہ تحقیقات کے نتائج پرمنحصر ہے،پی آئی اے چند سال سے زوال پذیر ہے،ادارے کی کھوئی ہوئی ساکھ کو دوبارہ بحال کرائینگے،جہاز اڑانے والے تمام پائلٹس تحقیقات کے بعد کلیئر ہیں،پی ٹی آئی وزیراعظم کی قیادت میں مینڈیٹ میں شفافیت لانے کیلئے پرعزم ہے، جلد پی ٹی وی کی کار کردگی میں بہتری نظر آئیگی،ماضی میں اداروں کو تباہ کیا گیا، تحقیقات کے بعد پتا چلا ہر ادارے میں کرپٹ عناصر ہیں،اداروں میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،خلاف ضابطہ بھرتیوں میں ملوث افراد کا کڑا احتساب ہوگا، شاہد خاقان عباسی گروپ کے کارنامے ہم سب کے سامنے آچکے ہیں، شاہدخاقان عباسی نے 20 ارب کی سبسڈی دینے کے معاملے کا تاحال جواب نہیں دیا،پیپلز پارٹی کو عوام سے چھینے گئے روٹی،کپڑا اور مکان کا جواب دینا ہوگا۔ جمعرات کو وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے سید علی زیدی اور معاون خصوصی شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی آئی اے کے معیار کو بحال کرائیں گے۔ ادارہ گزشتہ چند سال سے زوال پذیر ہے۔ عوام اعتماد رکھیں اسوقت تمام پائلٹس سکروٹنی کے عمل سے گزر چکے ہیں،جہاز اڑانے والے تمام پائلٹس تحقیقات کے بعد کلیئر ہیں۔ جس ادارے کو دیکھیں وہ مسائل سے بھرا ہے۔بہت جلد پی ٹی وی کی کارکردگی میں بھی بہت بہتری نظر آئے گی۔ وفاقی وزیر سید علی زیدی نے کہاکہ ماضی میں تمام اداروں کو تباہ کیا گیا، تحقیقات شروع کرائیں توپتہ چلا کہ ہرادارے میں کرپٹ عناصر ہیں۔ تحقیقات کے بعد 54 افراد کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔ 2010سے 2018 کے درمیان 236 افراد کوخلاف ضابطہ لائسنس جاری کیے گئے۔ مارچ 2019 میں ہم نے نئی ایوی ایشن پالیسی متعارف کرائی،ہماری حکومت کی اولین ترجیح مسافروں کا تحفظ ہے۔ سول ایوی ایشن کے لائسنسنگ اتھارٹی کے 5سرکردہ افراد کو معطل کر دیا گیا ہے۔خلاف ضابطہ بھرتیوں میں ملوث افراد کا کڑا احتساب ہوگا۔ ہمارا وعدہ ہے اس انکوائری کو جلد نمٹا دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب سول ایوی ایشن ٹاپ ترین مینجمنٹ میں شامل ہو جائے گی۔گزشتہ 10 سال میں دونوں حکومتوں نے ملکی تشخص کو شدید نقصان پہنچایا۔بھارت میں 4 ہزار پائلٹس کے لائسنس جعلی ہیں۔سید علی زیدی نے کہاکہ کیا یہ دانشمندانہ فیصلہ ہوتا کہ ہم چینی کی انکوائری کو چھپا لیتے،احتساب کا عمل ہمیشہ اوپر سے شروع ہوتا ہے۔سول ایوی ایشن کی تمام خالی آسامیوں پر اشتہارات کے ذریعے بھرتیاں کی جائیں گی۔ معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہاکہ 2018میں چیف ایگزیکٹو ایئر بلیو کو بھی انہیں معاملات پر سمن جاری کیے گئے تھے۔شاہد خاقان عباسی ملک کے وزیراعظم ہونے کے ساتھ ائیر بلیو کے چیف ایگزیکٹیو بھی تھے۔ 28پائلٹس کی حتمی رپورٹ کابینہ میں پیش کردی گئی ہے جن کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔شہزاد اکبر نے کہاکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کوتسلیم کرتے ہیں،سپریم کورٹ نے معاملے پرایف بی آر کو تحقیقات کی ہدایت کی ہے،اسوقت معاملہ ٹیکس دہندہ اور ٹیکس اتھارٹی کے درمیان ہے۔ چینی کا معاملہ ابھی سپریم کورٹ میں ہے،ہماری کوشش ہے کہ چینی کی قیمت عوام کی دسترس میں رہے۔
وفاقی وزراء

مزید :

صفحہ اول -