اسلام آباد میں مند ر کی تعمیر کیلئے اراضی نواز شریف حکومت نے الاٹ کی: فیاض چوہان

اسلام آباد میں مند ر کی تعمیر کیلئے اراضی نواز شریف حکومت نے الاٹ کی: فیاض ...

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے گزشتہ چند روز سے سوشل اور مین سٹریم میڈیا پر اسلام آباد میں مندر کی تعمیر سے متعلق خبروں میں وزیراعظم عمرا ن خان کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا اس مندر کی تعمیر کیلئے زمین الاٹ کرنے سے کوئی تعلق نہیں۔نواز شریف نے 2016ء میں اسوقت کے وزیراعظم کی حیثیت سے مندر کی تعمیر کیلئے زمین ہندو پنچایت کونسل کی درخواست پر الاٹ کی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مندر کی تعمیر سے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے اسلام کو کوئی خطرہ نہیں۔ اسلام جہاد اور اجتہاد کی اساس پر قائم ہے۔ ہم نے جہاد کو صرف تلوار سے منسوب کر دیا اور اجتہاد کو یکسر نظر انداز کیے رکھا۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا اجتہاد کا تقاضا ہے کہ دنیا کو مودی کے شر پسند بھار ت اور عمران خان کے امن پسند پاکستان میں فرق بتایا جائے۔ بھارتی منفی پراپیگنڈے کا ذکر کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے بالی ووڈ کی فلموں اور ڈراموں کے ذریعے پاکستان کو دہشت گرد ملک ثابت کرنے کی سازش کی۔ پاکستان کیخلاف منظم منفی پراپیگنڈہ کے تحت ہمیں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ڈال دیا گیا۔ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر سے پوری دنیا کو بھارت کی مذہبی فسطائیت و انتہا پسندی، پاکستان کی مذہبی رواداری و امن پسندی میں فرق پتہ چلے گا۔ آج مودی کے بھارت میں مساجد اور چرچوں کو آگ لگا کر زمیں بوس کیا جاتا ہے، اسّی سال کے مسلمان بزرگ کو اس کے تین سالہ نواسے کے سامنے گولی مار دی جاتی ہے، غیر ہندو بہنوں، بیٹیوں کی عزتوں کے جنازے نکالے جاتے ہیں اور چھوٹی ذات کے ہندوؤں، مسلمانوں، سکھوں، عیسائیوں اور پارسیوں سمیت کسی کی عزت محفوظ نہیں۔ آج ملک دشمن طاقتوں کو ناکام بنانے اور مذہبی رواداری کے حوالے سے بھی ہمیں اجتہاد کی ضرورت ہے۔

فیاض چوہان

مزید :

صفحہ اول -