خواتین کوروزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں، عبدالکریم

خواتین کوروزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں، ...

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں خواتین کو روز گارکے مواقع فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر ر ہی ہے تاکہ غربت و پسماندگی کا خاتمہ ہو سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین انٹرپرینیورز کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ خواتین انٹرپرینیورز کے وفد نے اقبال بانو کی سربراہی میں معاون خصوصی سے جمعرات کے روز پشاور میں ملاقات کی اورویمن انٹرپرینورز کے مسائل اور کورونا سے پیدا ہونے والے کاروباری بحران کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری انڈسٹری عامرلطیف سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ آسیہ خان، روزینہ خان اور ہما فیاض بھی وفد کے ہمراہ تھیں۔وفد نے سٹیٹ بینک کی جانب سے دیئے جانے والے کاروباری قرضوں کی شرائط اور اس میں حائل رکاوٹوں، قرضوں کے طریقہ کار اور یوٹیلیٹی بلز میں ریلیف کے امورسے معاون خصوصی کوآگاہ کیا معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کااہم حصہ ہیں اور ان کو معاشی عمل میں شامل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بورڈ کو ہدایت جا ری کی کہ ان مسائل کو جلد حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور خواتین کو سلائی کڑھائی کی ضروری تربیت میں ان کی معاونت کی جائے اس موقع پر فیصلہ کیا گیاکہ وفد معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت کے ساتھ ہر ماہ ملاقات کرے گا۔ جس میں خواتین کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -