اقتدار میں آکر تعلیم کیلئے پہلے سے زیادہ عملی اقدامات اٹھائیں گے،سردارحسین بابک

  اقتدار میں آکر تعلیم کیلئے پہلے سے زیادہ عملی اقدامات اٹھائیں ...

  

پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ اے این پی اقتدار میں آکر تعلیم عام کرنے کیلئے پہلے سے زیادہ عملی اقدامات اٹھائے گی۔ باچاخان مرکز پشاور صوبے کے مختلف شعبوں کے نمائندہ وفود سے بات چیت کرتے ہوئے سردارحسین بابک نے کہا کہ اے این پی تمام ضلعی کیڈرز کے اساتذہ کیلئے ایس ایس اور ایس ایس ٹیز میں پروموشن کوٹا مقرر کرے گی۔ اے این پی کی گذشتہ دورحکومت میں اساتذہ کو اپ گریڈیشن، پروموشن، سروس سٹرکچر اور چار درجاتی فارمولا عملی بنایا ہے لیکن بدقسمتی سے حکمران جماعت پچھلے سات سال سے صوبے میں برسراقتدار ہے اور صوبے میں ایس ایس اور ایس ایس ٹیز کی آسامیاں خالی پڑی ہیں۔ اے این پی تعلیمی قابلیت اور تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے کے تمام ضلعی کیڈرز کے استاتذہ کو پروموٹ کرنے کیلئے سروس سٹرکچر میں ایس ایس اور ایس ایس ٹیز کے ہر کیڈر کیلئے کوٹا مخصوص کرے گی جس سے صوبے کے ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں تجربہ کار اور بہترین تعلیمی کوائف رکھنے والے افراد پروموٹ ہوسکیں گے۔ سردارحسین بابک نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ اے این پی نے اپنے دور اقتدار میں نامساعد حالات کے باوجود اساتذہ کو تاریخی طور پر معاشرے میں انکا حقیقی مقام دلایا۔ صوبے کے تمام اساتذہ کرام کو یقین دلاتے ہیں کہ اے این پی کا تعلیم کے ساتھ ایک تاریخی اور پرانا رشتہ ہے۔ صوبے کے کونے کونے میں تعلیم کا شمع روشن کرنے کیلئے پہلے سے زیادہ عملی انقلابی اصلاحات اور اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کا ہر ایک استاذ اس حقیقت پر گواہ ہے کہ اے این پی کے دور حکومت کے تعلیمی اصلاحات تاریخ کا روشن باب بن چکا ہے۔اے این پی کے منشور پر عمل پیرا ہوتے ہوئے صوبے کے تعلیمی نظام اور معیار کو ہر صورت ترقی یافتہ قوموں کے برابر لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -