طلبہ کو ہراساں کرنے والوں کو سخت سزائیں دیں گے، مرادراس
لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع نجی سکول میں معصوم طالبات کے ساتھ ہونے والی جنسی ہراسگی کی شکایات کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کے ساتھ پیش آنے والے ہراسگی جیسے ناخوشگوار واقعات کی تحریری شکایت لازمی درج کروائیں۔انہوں نے کہا کہ نجی سکولوں کے لئے نیا ایکٹ لانے پر کام کر رہے ہیں اور اس میں طلباء کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے خصوصی قانون بنایا جائے گا جس کے مطابق طلباء کو ہراساں کرنے والے مجرمان کو بھاری جرمانہ اور جیل بھیجنے جیسی سزائیں دلوائی جا سکیں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ طالبات کے تمام سکولوں میں فی میل اساتذہ کو خدمات سرانجام دینی چاہئیں۔ مراد راس کا مزید کہنا تھا کہ الزام یافتہ اساتذہ اور سکول انتظامیہ کے لوگ اگر معصوم ہوتے تو اس طرح منظر عام سے غائب نہ ہوتے۔ سکولوں کو کھولنے کے حوالے سے ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ سکول جلد از جلد کھولے جائیں اور اس کے لئے ہم ایس او پیز پر کام بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاپیف کے ملازمین کے کنٹریکٹ بڑھانے کے لئے بہت سفارشات موصول ہو رہیں ہیں لیکن کوئی بھی کام میرٹ کے خلاف نہیں ہونے دیں گے