سپر لیگ کی جنرل کونسل کا اجلاس،بقیہ میچز نومبر میں کروانے کا عزم

  سپر لیگ کی جنرل کونسل کا اجلاس،بقیہ میچز نومبر میں کروانے کا عزم

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کی جنرل کونسل کا آٹھواں اجلاس ٹیلی کانفرنس کے ذریعے ہوا۔ فرنچائزز اور پی سی بی نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ 4 میچوں کا نومبر میں انعقاد ان کی سب سے پہلی ترجیح ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے گورننگ کونسل کے سامنے کوئی تجویز رکھنے سے قبل اس پر مزید غور کرنے پر اتفاق کیا ہے کیونکہ کوویڈ 19 کے وبائی مرض کے سبب تاحال کئی معاملات غیریقینی ہیں۔پی سی بی اور تمام چھ فرنچائزز نیپی ایس ایل کی طویل مدتی نشو و نما کو یقینی بنانے اور مالی استحکام پیدا کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ باہمی تعاون کے فریم ورک پر اتفاق کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ لیگ کے جاری جائزے کی بنیادپر کیا گیا ہے۔گورننگ کونسل نے پاکستان سپر لیگ کو ایک آزاد شعبہ بنانے پر پی سی بی کو سراہا ہے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ یہ گورننگ کونسل کا ایک اور اہم اجلاس تھا، جہاں ہم سب کا مشترکہ ایجنڈا ایچ بی ایل پی ایس ایل کا مستقبل اور اس کی فلاح رہی۔ انہوں نے کہا کہ یقیناََ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا مستقبل پاکستان کرکٹ بورڈ اور تمام فرنچائزز کے لیے بہت اہم ہے لہٰذا ہم سب مل کر اسے ایک بڑا، مضبوط اور بہتر برانڈ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

۔احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی اور فرنچائزز نے تمام زیرالتواء معاملات کو مل کر حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ دنیا کی بہترین کرکٹ لیگز میں شامل اس لیگ کے تمام فریقین کو فائدہ ہو اور وہ ترقی کرتے رہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -