2دنوں میں1لاکھ سےزائدامریکی کوروناسےمتاثر، سپر پاور میں وائرس کی تباہ کاری کی تازہ ترین تفصیلات سامنے آگئیں
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکہ میں یومیہ مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں دوروز میں ایک لاکھ سےزائد کیسزسامنے آگئے۔
امریکی حکام کےمطابق صرف بدھ کو 52000 ہزار نئے کیسزسامنےآئےہیں۔ملک کی جنوبی اورمغربی ریاستوں میں وائرس کےکیسز میں سب سے بڑا اضافہ دیکھنے میں آیاہےاورکئی ریاستوں نےلاک ڈاؤن اٹھانے کے ارادے ترک کر دیئےہیں۔
امریکی و برطانوی نشریاتی اداروں کے مطابق امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق ملک میں اب تک کورونا وائرس کے27لاکھ مصدقہ کیسز سامنےآچکےہیں اوراب تک سوا لاکھ سےزیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ریاست فلوریڈا نے کووڈ۔19 کے نئے متاثرین کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ایک ہفتہ قبل اس میں ریکارڈ متاثرین رپورٹ ہوئے تھے۔
فلوریڈا ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ نےجمعرات کو10ہزار 109 متاثرین رپورٹ کیے،جس کے بعد ریاست میں متاثرین کی کل تعداد 1 لاکھ 69 ہزار 106 ہو جاتی ہے۔اس سے قبل ہفتے کو9 ہزار 500 نئے متاثرین ریکارڈ کیے گئے تھے۔
امریکی ریاست ٹیکساس میں کوروناوائرس کےتیزی سےبڑھتے کیسز کے پیشِ نظر گورنر گریگ ایبٹ نے تمام عوامی مقامات پر ماسک پہننے کو لازمی قراردےدیا ہے۔اس کا اطلاق ان تمام کاؤنٹیز میں ہوگا جہاں 20 سےزیادہ کیسز ہے جوکہ ٹیکساس کی تقریباً 254 کاؤنٹیز میں سے زیادہ ترمیں ہیں۔
یاد رہے کہ بدھ کےروزریاست میں8000نئےکیسز سامنے آئے تھے جبکہ دو ہفتے قبل وہاں کیسزکی کل تعداد 2400 تھی۔امریکہ کےبےروز گاری کے اعداد و شماربھی آگئے ہیں اور ملکی معیشت میں جون میں 48 لاکھ نوکریوں کا اضافہ ہوا ہے۔لیبر ڈیپارٹمنٹ کےمطابق بےروزگاری کی شرح بھی تیرہ اعشاریہ ایک فیصدسےگرکرگیارہ اعشاریہ ایک فیصد ہو گئی ہے۔
امریکیوں نے اس دوران بے روزگاری الاؤنس کے لیے14 لاکھ دعوے کیے ہیں۔بے روزگاری کی شرح اب بھی بہت زیادہ ہے اور وبا کے امریکہ پہنچنے سے پہلے فروری میں دیکھی گئی تین اعشاریہ پانچ فیصد سے کہیں اوپر ہے۔یادرہےکہ امریکہ میں چار جولائی کو یومِ آزادی منایا جاتاہےجس کے سلسلے میں متعدد تقریبات کو منسوخ کیاجاچکاہے۔