جج ارشد ملک کی برطرفی ، مریم نواز نے بھی لمبی خاموشی توڑ دی ، ٹویٹر پر پیغامات کی بھرمار کر دی

جج ارشد ملک کی برطرفی ، مریم نواز نے بھی لمبی خاموشی توڑ دی ، ٹویٹر پر پیغامات ...
جج ارشد ملک کی برطرفی ، مریم نواز نے بھی لمبی خاموشی توڑ دی ، ٹویٹر پر پیغامات کی بھرمار کر دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو برطرف کر دیاہے اور فیصلہ آنے کے بعد اب مریم نوازشریف بھی میدان میں آ گئیں ہیں اور پیغام جاری کر دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف کا ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہناتھاکہ ”آج کا فیصلہ بے شک سچ کی فتح اور جھوٹ کی شکست ہے۔ اس فیصلے نے نواز شریف پر ہی نہیں ،عدل و انصاف کے دامن پر لگا ایک بڑا داغ دھویا ہے۔ اللہ کا بے انتہا شکر ہے جس کے ہاں نا دیر ہے نا اندھیر۔ اب عدلیہ کے وقار اور انصاف کا تقاضہ ہے کہ داغدار جج کے داغدار فیصلوں کو بھی پھاڑ پھینکا جائے۔“

مریم نواز کا کہناتھا کہ ”تین بار ملک کے وزیر اعظم رہنے والے مقبول ترین سیاست دان کی بے گناہی پر وقت کا فیصلہ آ گیا ہے۔ سات محترم جج صاحبان نے جج کی برطرفی کے ذریعے واضح کر دیا ہے کہ نوازشریف کو کس طرح سزائیں دی گئیں۔“

سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی کا مزید کہناتھا کہ ”انصاف کبھی ادھورا نہیں ہوتا۔ مکمل انصاف کا تقاضہ ہے کہ جس طرح جج کو برطرف کیا گیا ہے اسی طرح اس کے بدعنوان فیصلوں کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔“

انہوں نے کہا کہ ”آئین و قانون کے احترام کا درس دینا بہت آسان ہے۔یہ جانتے ہوئے کہ آپ بے قصور ہوں، جانتے ہوئے کہ ظلم اور ناانصافی ہو رہی ہے، اپنی شریک حیات کو بستر مرگ پر چھوڑ کر قانون کے سامنے سر جھکا دینے کے لئے لیے نواز شریف کا جگر اورحوصلہ چاہیے۔اللہ بے گناہ اور بہادر لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑتا۔“

ان کا کہناتھا کہ ” یہ ملک کے منتخب وزیر اعظم ہیں, جو اپنا آپ اور اپنا خاندان بکھرتا دیکھتے ہیں ، بڑے سے بڑا نقصان اٹھا لیتے ہیں مگر آئین اور قانون کو سربلند رکھتے ہیں۔ نواز شریف کا صبر جیت گیا۔ نواز شریف کی استقامت, جبر پر بھاری رہی۔ نواز شریف کے چاہنے والے اللہ رب العزت کے حضورسجدہ شکر ادا کریں۔“

مزید :

اہم خبریں -قومی -