”دورہ انگلینڈ کے دوران قومی کھلاڑی آپس میں لڑ سکتے ہیں“ انضمام الحق نے انتہائی تشویشناک بات کہہ دی

”دورہ انگلینڈ کے دوران قومی کھلاڑی آپس میں لڑ سکتے ہیں“ انضمام الحق نے ...
”دورہ انگلینڈ کے دوران قومی کھلاڑی آپس میں لڑ سکتے ہیں“ انضمام الحق نے انتہائی تشویشناک بات کہہ دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیف سلیکٹر اور سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ دورہ انگلینڈ میں کھلاڑی گراؤنڈ سے ہوٹل اور ہوٹل سے گراؤنڈ تک ہی محدود رہنے کے باعث ڈپریشن کا شکار ہوسکتے ہیں اور آپس میں لڑائی کا بھی خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق لیجنڈ بیٹسمین نے کہا کہ دورہ انگلینڈ میں ٹیم کو گراؤنڈ پر تو اتنے سخت چیلنج کا سامنا نہیں ہوگا کیونکہ پاکستان نے انگلینڈ میں ہمیشہ اچھا کھیلا ہے، لیکن گراؤنڈ سے باہر چیلنج کا سامنا ضرور رہے گا اور اس چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے کرکٹرز کا ذہنی طور پر مضبوط ہونا بہت ضروری ہے۔پہلی بار ہورہا ہے کہ پلیئرز بالکل بھی کہیں آنا جانا نہیں کرسکیں گے اور تین مہینے محدود رہیں گے، جتنی بھی سہولیات ہوں ہر کسی کا دل چاہتا ہے کہ دو تین چار روز بعد کسی نہ کسی سے ملاقات کریں اور باہر جائیں۔

120 ٹیسٹ اور 378ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے انضمام الحق نے کہا کہ باہر جانا، لوگوں سے ملنا پلیئرز کیلئے ضروری ہوتا ہے کیونکہ اس کے بغیر کھلاڑی ریلیکس نہیں ہوپائیں گےاور دباؤ میں رہیں گے جس کی وجہ سے ڈر ہے کہ کہیں انہیں ڈپریشن نہ ہوجائے اور جب سب پلیئرز طویل عرصہ تک ایک جگہ ہی محدود رہیں گے تو خدشہ ہوگا کہ کہیں وہ آپس میں لڑ نہ پڑیں۔ اس صورت حال میں ٹیم مینجمنٹ کا ماحول اچھا رکھنا بہت ضروری ہے اور آپس کی ہم آہنگی کو یقینی بنانا بھی کافی ضروری ہوگا۔

پاک انگلینڈ سیریز پر مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بابر اعظم سیریز میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، شاہین شاہ آفریدی کا کردار بھی اہم ہوگا لیکن بیٹسمینوں کو زیادہ اہم کردار ادا کرنا ہوگا ، ان پر زیادہ ذمہ داری ہوں گی کیونکہ انگلینڈ کی کنڈیشن میں باﺅلرز کو مدد ملتی ہے، وہاں جیتنے کیلئے ضروری ہے کہ بورڈ پر لمبا سکور لگائیں، بابر اعظم کے علاوہ اظہر علی، عابد علی، امام الحق سب مل کر بڑا اسکور لگانے کی کوشش کریں تو جیت سکتے ہیں۔

مزید :

کھیل -