عجیب و غریب چیزیں خریدنے والی خواتین کے بے بس شوہروں نے انٹرنیٹ پر آواز بلند کردی، تصاویر دیکھ کر آپ کی بھی ہنسی نہ رُکے
کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) بیویوں کی کچھ ایسی عادات ہوتی ہیں جو شوہر حضرات کو ناگوار گزرتی ہیں مگر بیچاروں میں ہمت نہیں ہوتی کہ اس پربول بھی سکیں۔ تاہم اب آسٹریلیا کے کچھ شوہروں نے ہمت کرکے انٹرنیٹ پر اپنی بیویوں کی کچھ ایسی عادات پر آواز بلند کر دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سب سے پہلے یہ ’جرا¿ت‘ بریڈ کیرنز نامی شخص کو ہوئی جس کی بیوی پودے خریدنے کے خبط میں مبتلا ہے۔ نیوساﺅتھ ویلز کے علاقے سنٹرل کوسٹ کے رہائشی بریڈ کا کہنا ہے کہ ہمارے گھر میں اندر اور باہر ہر جگہ پودے ہی نظر آتے ہیں حتیٰ کہ دیواروں پر بھی بیلیں لگی ہوئی ہیں۔
بریڈ کا کہنا تھا کہ ہمارے بیڈ روم میں بیڈ کے دونوں طرف بڑے بڑے پودے رکھے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے بیڈ سے اترنا بھی ایک کٹھن کام بن چکا ہے مگر میری بیوی کسی صورت ان پودوں کو وہاں سے ہٹانے کو تیار نہیں۔ جب بھی میں اس سے اس حوالے سے بات کرتا ہوں تو وہ ایسے میری طرف دیکھتی ہے جیسے وہ کسی گینگ کی سرغنہ ہو اورمجھے پکڑ کر اس کے سامنے پیش کیا گیا ہو۔بریڈ کی یہ کہانی فیس بک پر پڑھ کر دیگر کئی شوہر بھی اپنی کہانیاں بیان کر رہے ہیں۔ ایک شخص نے لکھا ہے کہ ”میری بیوی بھی پودوں کی شوقین ہے اور وہ ڈھیروں پودے خرید کر لاتی ہے اور پھر مجھے ایک ایک پودا اٹھا کر کھڑے ہونے کو کہتی ہے تاکہ وہ ان کی تصاویر بنا کر اپنے جیسی دیگر ’پلانٹ لیڈیز‘ کو بھیج سکے۔“