ترکی میں بڑا دھماکہ، آواز 50 کلومیٹر دور تک سنی گئی، 4 افراد جاں بحق، 100 کے قریب زخمی
استنبول (رانا فیصل عزیز) ترکی میں آتش بازی کا سامان بنانے کے کارخانے میں دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور ایک سوکے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ افسوسناک واقعہ ترکی کے ضلع ساکاریہ کے ایک قصبے خندق میں پیش آیا۔ صدر ایردوان کی ہدایات پر وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو، وزیر صحت فخر الدین قوجہ اور وزیر محنت زہرہ زمرد سلجوک جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کارخانے میں یہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق سوا گیارہ بجے صبح ہوا۔ دھماکہ اس قدرزوردارتھاکہ اس کی آواز 50 کلومیٹر دور تک سنائی دی اور لوگ بد حواس ہوکر سڑکوں پر نکل آئے۔ترک حکام کاکہناہے کہ متاثرہ علاقے میں طبی اور آگ بجھانے والا عملہ پہنچ گیا ہے اورامدادی کام جاری ہیں۔وزیر صحت نے بتایا ہے کہ اب تک 4 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد سوکے قریب ہے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔