گورنر پنجاب نےانجینئرنگ یونیورسٹی کے دیوالیہ ہونے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے اساتذہ کو بڑی خوشخبری سنا دی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے دیوالیہ ہونے کاسخت نوٹس لے لیا،گور نر پنجاب نےیو ای ٹی کے سٹاف کی تنخواہوں سے کٹوتی کے یونیورسٹی فیصلے کو ختم کرتے ہوئے تنخواہوں سے کٹوتی نہ کر نے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گور نر ہاؤس لاہور میں چوہدری محمدسرور کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے ہیں، اجلاس میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن کمیشن راجہ یاسرہمایوں،چیئر مین ایچ ای سی ڈاکٹر فضل احمد خالد،صوبائی سیکرٹر ی فنانس،صوبائی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور پر نسپل سیکرٹری ٹو گور نر پنجاب ڈاکٹر راشد منصور بھی شر یک ہوئے ۔اجلاس میں گور نر پنجاب نے یونیورسٹی کے معاملے پرچیئر مین ایچ ای سی کے سر براہی میں کمیٹی بھی قائم کردی ہے، کمیٹی میں وائس چانسلر یو ای ٹی،سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن بھی شامل ہوں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی سٹاف کی تنخواہوں سے کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائیگی جبکہ پنجاب حکومت کے ذمہ یونیورسٹی کے بقایا جات بھی جلد ادا کیے جائیں گے ۔اجلاس میں گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پاکستان مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے لیکن اس کے باوجود ہم یونیورسٹیز کے معاملات کو حل کر یں گے،یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سٹاف کی تنخواہوں سے کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائیگی بلکہ انکو پوری تنخواہ بروقت ادا کی جائیگی اور یونیورسٹیز کی مضبوطی کیلئے حکومت تمام وسائل استعمال کرے گی۔