میرپور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاق وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان امریکہ اور بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں، عمران خان کی وجہ سے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہوئی۔
میر پور آزاد کشمیر کے علاقے چکسواری السلام گڑھ میں جلسے سے خطاب میں مراد سعید نے کہاکہ ایک وزیر اعظم نواز شریف تھے جن کے پاس کشمیر کی حریت قیادت سے ملاقات کا وقت ہی نہیں تھا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی نہیں اپوزیشن کے کرتوت ان کے لیے تباہی کی وجہ بنیں گے، بلاول بھٹو اپنی تقاریر میں کہتے ہیں ہم آزاد کشمیر کو بدلیں گے لیکن شاید و ہ یہ بھول گئے سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے،25 جولائی کے بعد جب پاکستان تحریک انصاف کی آزاد کشمیر میں حکومت ہوگی تب انشاء اللہ آزاد کشمیر میں صحیح معنوں میں ترقی کا خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف تبدیلی کے منشور کے ساتھ الیکشن میں آئی ہے، بلاول زرداری جو کشمیر کو بدلنے کی بات کرتے ہیں انکو چاہیے کہ وہ پہلے سندھ پر توجہ دیں۔مراد سعید نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا عوام سے اتناہی تعلق ہے جتنا کلو کا انڈوں سے اور درجن کا سیب سے ہے، ان کو عوام کے مسائل سے کوئی لگاؤ نہیں یہ ابو بچاؤ مہم پر ہیں، یہ کس منہ سے ووٹ مانگتے ہیں؟ کئی بار آزاد کشمیر پر حکومت کر چکے تب کچھ نہیں بدل سکے ،اب کیا بدلیں گے۔