مخالفین کیخلاف بیانیہ، عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی، پی ٹی آئی کی تردید

مخالفین کیخلاف بیانیہ، عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک ...
مخالفین کیخلاف بیانیہ، عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی، پی ٹی آئی کی تردید

  

اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے جس میں وہ  عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ارسلان خالد کو  مخالفین کے خلاف بیانیہ بنانے اور  انہیں  غدار  ثابت کرنےکی مہم چلانے کی ہدایات دے رہی ہیں۔ دوسری جانب ڈاکٹر شہباز گل نے اس آڈیو کی تردید کی ہے۔

جیونیوز کے مطابق لیک آڈیو میں مبینہ طور پر بشریٰ بی بی کہہ رہی ہیں کہ 'خان صاحب نے آپ سے کہا تھا کہ غداری کا ہیش ٹیگ چلانا ہے، مجھے لوگوں کے فون آ رہے ہیں کہ آپ کا سوشل میڈیا تو بہت ایکٹو تھا پر ایک ہفتے سے بالکل ایکٹو نہیں ہے، ایسا کیوں ہے ؟ آج کل تو آپ لوگوں کو بہت ایکٹو ہونا چاہیے تھا'۔وہ وضاحت دینے کی کوشش کرتے ہیں تو  دوسری طرف موجود خاتون سنے بغیر ہی ہدایات دینا شروع کردیتی ہیں۔ 

مبینہ آڈیو میں نسوانی آواز میں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ 'علیم خان اور اس جیسے دیگر اور لوگ میرے اور خان صاحب کے بارے میں باتیں کریں گے، انہوں نے اس سے بھی زیادہ گند ڈالنا ہے، میرے ساتھ جو بچی فرح ہوتی ہے، اس کے خلاف بھی بولیں گے، اتنا گند ڈالیں گے اور لوگوں کی گواہیاں بھی دیں گے لیکن آپ نے اس کا کوئی ایشو نہیں بنانا بلکہ ان سب کو غداری کے ساتھ لنک کردینا ہے'۔

مزید کہا گیا کہ 'علیم خان اور باقی سب جو بولیں گے وہ سب پلاننگ کے تحت ہے، آپ نے ان کو غداری کے ساتھ لنک کردینا ہے، آپ نے سوشل میڈیا میں لیٹر (مبینہ دھمکی آمیز امریکی خط) کا معاملہ اٹھانا ہے کہ وہ خط صحیح ہے، یہ غداری کی وجہ سے اکٹھے ہوگئے ہیں اور اپنے آپ کو بچانے کے لیے یہ غداروں کے ساتھ مل گئے ہیں اور غدار باہرکی قوتیں بھی ہیں اور سب، یہ سارا آپ کو پتا ہے، آج آپ نے روس کا معاملہ اٹھانا ہے اور اس معاملے کو نیچے نہیں آنے دینا، ٹرینڈ بنا دینا ہےکہ ان کو بھی پتہ ہےکہ خان اور ملک کے ساتھ غداری ہو رہی ہے'۔

دوسری جانب عمران خان کے چیف آف سٹاف ڈاکٹر شہباز گل نے اس آڈیو کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ یہ آڈیو لیک ہونے کے آدھے گھنٹے بعد ہی سوشل میڈیا نے اس کی حقیقت کھول کر رکھ دی۔ ہر شخص کا بولنے کا ایک انداز ہوتا ہے ، آپ آواز تو سافٹ ویئر کے ساتھ میچ کرسکتے ہیں لیکن وہ الفاظ اور انداز کہاں سے لائیں گے، کسی بے وقوف نے سکرپٹ لکھا ہوا تھا، ایک ہی لفظ کی دو جگہ پر مختلف ادائیگی کی گئی۔یہ آڈیو ٹیپ لوگوں کی گھروں کی خواتین کو بدنام کرنے کیلئے چھوڑی گئی۔

مبینہ لیک آڈیو میں سابق خاتون اول کا کہنا تھا کہ 'فرح اور میرے بارے میں انہوں نے بہت گند اڑانا ہے، اس کو بھی آپ نے غداری سے لنک کرنا ہےکہ ہمیں پتہ ہےکہ یہ کون غدار کر رہا ہے'۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -