بھارت: ایک ساتھ تین طلاق کیخلاف مسلمان خواتین کی دستخطی مہم، 50 ہزار نے حمایت کر دی
نئی دہلی (اے پی پی) بھارت میں مسلم جوڑوں کے درمیان ایک ساتھ تین طلاق کے خلاف دستخطی مہم کی حمایت کرنے والوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ یہ مہم بھارت میں مسلم خواتین کی تنظیم بھارتیہ مسلم مہیلہ اندولان نے شروع کی ہے جس کے تحت بھارت کے نیشنل کمشن فار ویمن کے نام درخواست میں اس معاملہ پر مداخلت کی استدعا کی گئی ہے۔ تنظیم کی شریک بانی سربراہ ذکیہ ثمن کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاستوں گجرات، مہاراشٹر ، راجستھان، مدھیہ پردیش، کرناٹک، تامل ناڈو، تلنگانہ، اڑیسہ، مغربی بنگال، بہار، جھاڑ کھنڈ، کیرالہ اور اتر پردیش میں بڑی تعداد میں مسلمانوں نے اس مہم کی حمایت کی ہے۔ ذکیہ ثمن کے مطابق بھارت میں 92 فیصد مسلم خواتین ایک ساتھ تین طلاق پر پابندی کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ٹیلی فون، موبائل فون پر میسج، فیس بک اور ای میل کے ذریعے طلاق دینے کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ مہم چلانے والی خاتون رہنماﺅں کا مطالبہ ہے کہ طلاق کے عمل کو90 دنوں میں مکمل کرنے بارے قانون سازی کی جائے تاکہ فریقین کو مفاہمت کیلئے زیادہ سے زیادہ مواقع مل سکیں۔