’مجھے ہلکا سا مارو‘ اسلامی نظریاتی کونسل کے مطالبے کا پاکستانی لڑکیوں نے انٹرنیٹ پر انتہائی دلچسپ جواب دے دیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بیویوں کی ہلکی پھلکی پٹائی میں گہری دلچسپی رکھنے والے حضرات کو اپنے مطالبے کے حق میں مزید آگے بڑھنے سے پہلے یہ ضرور جان لینا چاہئیے کہ پاکستانی خواتین ان کے لئے کیسے جذبات رکھتی ہیں۔ ویب سائٹ mashable کے مطابق ان جذبات کا اظہار سوشل میڈیا مہم #tryBeatingMeLightlyکے ذریعے کیا جا رہا ہے، اور خواتین کی پٹائی کی تمنا رکھنے والوں کے لئے یہ معاملہ بہت ہی توجہ طلب ہے۔ پٹائی کے مطالبے کا خواتین کیا جواب دے رہی ہیں، آپ بھی چند مثالیں ملاحظہ فرمائیے:
سوشل میڈیا منیجرسنبل عثمان کہتی ہیں ” مجھ پر ہلکے تشدد کی کو شش کرو،تم صبح کا سورج دیکھنے کے لئے زندہ نہیں بچو گے۔“
ٹریول اینڈ لائف سٹائل بلاگر امبر ذوالفقار لکھتی ہیں ”مجھ پر ہلکے تشدد کی کوشش کرو، اور اپنی پشت پر گھونسہ کھاﺅ۔“
ڈاکٹر شگفتہ لکھتی ہیں ”مجھ پر ہلکے تشدد کی کوشش کرو، اور میں تمہارا اٹھنے والا ہاتھ توڑ دوں گی۔“
ڈیجیٹل سٹوری ٹیلر ادیقہ لالوانی کہتی ہیں ”مجھ پر ہلکے تشدد کی کوشش کرو، میں وہ تباہی بن جاﺅں گی کہ جس کا تم نے تصور بھی نہ کیا ہوگا۔“
ڈیجیٹل مارکیٹر پریانکا پوجا نے اس مہم میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے لکھا ”مجھ پر ہلکے تشدد کی کوشش کرو، میں اپنے سات سالہ ڈرائیونگ تجربے کے ساتھ تمہیں کار کے نیچے کچل دوں گی۔“
اور سعدیہ اظہر کہتی ہیں ”اگر شکست دے سکتے ہو تو مجھے اپنی ذہانت کے ساتھ شکست دو، مجھے شفقت کے ساتھ شکست دو، لیکن اگر تم مجھے ایک پنکھ کے ساتھ بھی ماروگے تو میں مار مار کر تمہارا بھرکس نکال دوں گی۔“
واضح رہے کہ پاکستانی خواتین کے ردعمل کی یہ محض چند مثالیں ہیں، مزید تفصیلات کے لئے آپ انٹرنیٹ پر #tryBeatingMeLightly دیکھ سکتے ہیں۔