انگلینڈ سیریز : 3اوپنر ، 2اسپنر بھی شامل ، عامر کے سوا سب کو ویزہ جاری

انگلینڈ سیریز : 3اوپنر ، 2اسپنر بھی شامل ، عامر کے سوا سب کو ویزہ جاری

لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں 3 اوپنرز، 2 اسپنرز شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے ‘تجربہ کار اوپنر محمد حفیظ نے غیرملکی فزیو تھراپسٹ کی نگرانی میں ٹریننگ شروع کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کوچ کی عدم موجودگی میں چاروں سلیکٹرز کے فیصلوں کے بارے میں انہیں فون پر بریفنگ دی گئی ‘چار ٹیسٹ میچوں کے لیے ٹیم میں تین اوپنرز، چھ مڈل آرڈر بیٹسمین ،پانچ فاسٹ بولر اور دو اسپنرز کی شمولیت کی تجویز ہے۔ہیڈکوچ مکی آرتھر اور کپتان مصباح الحق متفق ہوئے تو کراچی کے مڈل آرڈر بیٹسمین آصف ذاکر کو شامل کیا جاسکتا ہے ‘آصف ذاکر انگلش کنڈیشنز میں کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں،نیٹ سیشن میں انہوں نے سلیکٹرز کو متاثر کیا۔اکبر رحمن بھی ون ڈے ٹیم میں اپنی جگہ بنا سکتے ہیں،ٹیسٹ ٹیم کے ممکنہ اوپنرز میں خرم منظور، شان مسعود اور سمیع اسلم شامل ہیں۔مڈل آرڈر بیٹنگ میں یونس خان ،مصباح الحق، اظہر علی، اسد شفیق، افتخار احمد اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے نام ہیں۔اسپنرز میں یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر مضبوط امیدوار کے طورپر سامنے آئے ہیں ‘فاسٹ بولنگ کا شعبہ محمد عامر، وہاب ریاض ،عمران خان ، راحت علی اور احسان عادل پر مشتمل ہوگا۔دریں اثناء پاکستان کے فاسٹ بالر محمد عامر کے سوا 32 کرکٹرز کو برطانیہ نے ویزے جاری کردیئے ہیں،پاکستان کرکٹ بورڈ کو 32 کرکٹرز کے انگلینڈ کے ویزے مل گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی پر امید ہے کہ اگلے چار ورکنگ دنوں میں فاسٹ بولر محمد عامر کا ویزہ مل جائے گا،فاسٹ بولر محمد عامر کو پیر تک ویزہ نہ ملا تو پھر سہیل خان ان کی جگہ لے سکتے ہیں ‘کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پندرہ دن بعد انگلینڈ کے ویزے جاری کیے گئے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی