سری لنکا کی بیٹنگ سے پاکستان کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا، اسد شفیق

سری لنکا کی بیٹنگ سے پاکستان کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا، اسد شفیق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور، لندن(آن لائن)انگلینڈ کے میدانوں میں سری لنکن بیٹنگ لائن کی ناکامی کے بعد بہت سے مبصرین اور تجزیہ کار یہ خیال ظاہر کر رہے ہیں کہ پاکستانی بیٹسمینوں کے ساتھ بھی یہی کچھ ہونا ہے لیکن پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق کی رائے مختلف ہے۔اسد شفیق کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی بیٹنگ سے پاکستان کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔’اس میں کوئی شک نہیں کہ وہاں کی کنڈیشنز میں کھیلنا چیلنج ہے لیکن سری لنکا کی بیٹنگ سے ہمارا موازنہ نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ہماری بیٹنگ سری لنکا سے زیادہ تجربہ کار ہے۔ ہماری بیٹنگ لائن میں یونس خان اور مصباح الحق جیسے سینئر بیٹسمین موجود ہیں۔ یونس خان نو ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔ مصباح الحق نے بھی بہت ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔‘اسد شفیق کا کہنا ہے کہ کوشش کرینگے کہ وہ غلطیاں نہ کریں جو سری لنکن بیٹسمینوں نے کی ہیں۔’ہم سری لنکا کے میچز دیکھ رہے ہیں کہ ان کنڈیشنز میں انگلش بولرز کو کس طرح کھیلا جاسکتا ہے ان تمام باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاری بھی کر رہے ہیں۔ وہاں ڈیوک کی گیند استعمال ہوگی لہذا کیمپ میں ہم ڈیوک کی گیند سے پریکٹس کررہے ہیں۔‘’پچھلے پانچ سال سے آپ میری چھٹے نمبر پر بیٹنگ کی کارکردگی دیکھ سکتے ہیں اور اس پوزیشن پر کھیلنے والے دنیا کے دوسرے بیٹسمینوں کی پرفارمنس بھی دیکھ سکتے ہیں تو آپ کو میری کارکردگی کا اندازہ ہوجائے گا۔ چھٹے نمبر پر آپ کو عام طور پر ٹیل اینڈرز کے ساتھ بیٹنگ کرنی پڑتی ہے اور جب ٹیل اینڈرز آؤٹ ہورہے ہوتے ہیں تو پھر آپ کو زیادہ سے زیادہ رنز کرنے پڑتے ہیں اس صورت میں بڑا سکور کرنے کے مواقعے بہت کم ہوتے ہیں۔ موجودہ ٹیم میں ہر بیٹسمین اپنے نمبر پر سیٹ ہے اور میں چھٹے نمبر پر خوش ہوں۔