بہترین پر فارمنس کا مظاہرہ کر کے مثبت نتائج حاصل کرینگے ، اوپنر ز قومی کرکٹ ٹیم

بہترین پر فارمنس کا مظاہرہ کر کے مثبت نتائج حاصل کرینگے ، اوپنر ز قومی کرکٹ ...

 لاہور( سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنرز شان مسعود اور سمیع اسلم نے کہا ہے کہ دورہ انگلینڈ آسان نہیں ہوگا لیکن ٹیم بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے مثبت نتائج حاصل کرے گی ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دورہ انگلینڈ ٹیم کے لئے ایک مشکل چیلنج ہے لیکن تمام کھلاڑی اس چیلنج کو قبول کرنے کے لئے ذہنی طور پر تیار ہیں ۔انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے ٹیم بھرپور تیاری کررہی ہے ۔ایبٹ آباد میں لگائے جانے والے تربیتی کیمپ ( بوٹ کیمپ) میں کھلاڑیوں نے سخت ٹریننگ کے بعد اپنی فٹنس کو کافی بہتر بنایا ہے ۔قذافی سٹیڈیم میں لگنے والے ٹریننگ کیمپ میں انگلینڈ کی طرح کی وکٹیں اور وہاں استعمال ہونے والے گیند ڈیوک کا بھی استعمال کیا جارہا ہے دونوں اپنرز کا کہنا تھا کہ چند میچز سے کسی کھلاڑی کی صلاحیتوں کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا تاہم آئندہ سات ماہ میں ٹیم نے گیارہ ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی اپنی کارکردگی میں تسلسل لائیں اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہاکہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے اور کافی حد تک اپنی کمزوریوں پر قابو پالیا ہے اور دورہ انگلینڈ کے دوران ایک نئے بلے باز کے روپ میں آئیں گے اور بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے اپنا نام بنائیں گے۔سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں پر دباؤ ضرور ہوگا تاہم کھلاڑی اس دباؤ کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں ۔شان مسعود نے کہاکہ وہ یونیورسٹی کی طرف سے انگلینڈ میں تین فرسٹ کلاس میچ کھیل چکے ہیں لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کا معیار اعلی ہوتا ہے اور میری کوشش ہوگی کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بہترین اوپننگ بلے باز بن کر سامنے آؤں ۔سمیع اسلم کا کہنا تھا کہ وہ انڈر 19ٹیم کی طرف سے آسٹریلیا اور انگلینڈ کا دورہ کرچکے ہیں اور وہاں سے حاصل ہونے والا تجربہ بھی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کام آئے گا ۔انہوں نے کہاکہ قذافی سٹیڈیم کے تربیتی کیمپ میں شامل 21کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے اپنی جگہ بنائی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کنڈیشنز جیسی بھی ہوں ہمارا کام پرفارمنس دینا ہے اور اگر مجھے ٹیم میں شمولیت کا موقع ملتا ہے تو اپنے انتخاب کو درست ثابت کرنے کی کوشش کروں گا ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی