ترشاوہ پودوں کو گرمی سے بچانے کے لیے کھیتوں کی مناسب وقفہ سے آبپاشی کی ہدایت
لاہور(اے پی پی )باغبان ترشاوہ پودوں کو گرمی سے بچانے کے لیے کھیتوں کی مناسب وقفہ سے آبپاشی کریں ۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق موسم گرما میں درجہ حرارت بڑھنے پر ترشاوہ پودوں کے پتوں کے مسام بند ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے ضیائی تالیف کا عمل صحیح طور پر نہیں ہوتا اور پودوں میں خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ جب مئی ، جون اور جولائی کے مہینوں میں درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے تو جنو ب مغرب کی طرف پودوں پر لگا ہوا پھل جھلسا ؤ کا شکار ہو جاتا ہے اورگر جاتا ہے ۔انہوں نے باغبانوں کو سفارش کی ہے کہ وہ ترشاوہ پودوں کو گرمی سے بچانے کے لیے کھیتوں کی مناسب وقفہ سے آبپاشی کریں اورزمینی نمی کو زیادہ عرصہ تک قائم رکھنے کے لیے گھاس پھوس کی ملچنگ کریں۔جب درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جا ئے تو آبپاشی کا وقفہ کم کر دیں ۔