کراچی میں چینی انجینئر پر بم حملہ پر گہری تشویش ہے‘ایف پی سی سی آئی

کراچی میں چینی انجینئر پر بم حملہ پر گہری تشویش ہے‘ایف پی سی سی آئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اکنامک رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے کہا ہے کہ چین ہمارا سب سے قابل اعتماد دوست ہے جس نے ہر قسم کے مفادات کے بالا تر ہو کر ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔انھوں نے کراچی میں چینی انجینئر پر بم حملہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کو اقتصادی ترقی کا ایجنڈا، بڑھتی ہوئی پاک چین دوستی اور ملکی قسمت بدلنے والا اقتصادی راہداری منصوبہ ہضم نہیں ہو رہا۔ یہ گیم چینجرسی پیک منصوبہ پر پہلا ہائی پروفائل حملہ ہے جس میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے کڑی سزا دی جائے جبکہ چینی بھائیوں کی سیکورٹی بڑھائی جائے۔ عبدالرؤف عالم نے کاروباری برادری کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہ امسال جی ڈی پی میں 4.7 فیصد اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ دس سال میں سب سے زیادہ ہے،توانائی کی صورتحال بہتر ہے، کاروباری برادری کا اعتماد لوٹ آیا ہے جبکہ سی پیک ہماری معیشت کو نئی بلندیوں تک پہنچا رہا ہے جس کے خلاف کئی ممالک نے سرتوڑ کوششیں شروع کر دی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کراچی حملہ کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔ اس میں کوئی مقامی تحریک نہیں بلکہ ایک دشمن ملک ملوث ہے جس کا مقصد وہی ہے جو بلوچستان میں طالبان رہنما پر ڈرون حملہ کا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت سندھ اور بلوچستان میں ایک سو اٹھارہ منصوبوں پر تقریباً ساڑھے تین ہزار چینی ماہرین کام کر رہے ہیں جنکی سیکورٹی کا خاطر خواہ انتظام کیا جائے جس میں سندھ میں دو ہزارپولیس اہلکاروں پر مشتمل خصوصی سیکورٹی سیل کے ملازمین کی تعداد اور استعداد میں خاطر خواہ اضافہ شامل ہے۔
دیگر صوبے بھی چینی ماہرین کی حفاظت کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں تاکہ وہ یکسوئی سے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ کاروباری برادری کو موجودہ حکومت کی قابلیت اور پاک فوج کی صلاحیتوں اور قربانیوں پر یقین ہے۔ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج ہر قسم کے چیلینجوں کا مقابلہ کر نے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

مزید :

کامرس -