پنجمن کو سرمایہ کاری کرنے کیلئے پیشہ ورادارہ بنایا جائے گا، میاں نعمان کبیر
لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ( پنجمن) کو ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کرنے کیلئے پیشہ ورانہ ادارہ بنایا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہارچیئرمین پنجاب منرل ڈویلمپنٹ کاپوریشن ( پنجمن )میاں نعمان کبیر نے گزشتہ روز افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرکارپوریشن کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔میا ں نعمان کبیر نے کہا کہ تنظیم نو منصوبہ جلد تیار کر کے وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی کو پیش کیا جائے گا۔ ماضی میں کانوں کو لیزنگ پر دینے کیلئے کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں تھا مگر اب کو ئی کان سفارشی بنیاد پر نہیں دی جائے گی بلکہ اب اس کو دینے کیلئے تمام قواعد وضوابط کو مد نظر رکھا جائے گا تاکہ شفافیت کے نظام کو باقاعدگی کے ساتھ عمل درآمد کروایا جا سکے۔ چیئر مین پنجمن نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں کانیں اللہ کی نعمت ہیں اور ہم جدید منصوبہ بندی کرکے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کرنے کیلئے راغب کرینگے۔ وزیر اعلی پنجاب صوبہ بھر میں قدرتی وسائل اور معدنیات کی ترقی کیلئے خواہاں ہیں ۔کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں کی سکیورٹی اور تحفظ کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ قیمتی جانوں کو نقصان نہ ہو سکے۔ نمک کی کانوں کی پیداوار تین گنا زیادہ بڑھانے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ ان اقدامات سے صوبہ بھر میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔