رمضان بازار آج سے شروع ، سیکیورٹی انتظامات مکمل
لاہور(اپنے نمائندے سے)صوبائی دارالحکومت میں قائم رمضان بازاروں کے لئے حتمی سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیاپنجاب پولیس اور دوسرے سکیورٹی اداروں کے ساتھ محکمہ سول ڈیفنس کے 500رضا کار سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ،فائر بریگیڈ اور بم ڈسپوزل سکواڈ کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہنے کے احکامات جاری، رمضان بازاروں میں ڈیجیٹل کاؤنٹر، واک تھرو گیٹ ،سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کر لی گئی، سیکیورٹی کی مانیٹرنگ کے لئے ڈی سی او آفس میں کنٹرل روم قائم ،عوام کی سکیورٹی اور حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے ،روزانہ کی بنیاد پر اعداد و شمار ڈی سی او لاہور اور کمشنر کو ارسال کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ، تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی عوام کو ریلیف پہنچانے اور سستی اشیاء خوردو نوش کی مسلسل فراہمی کے لئے پورے پنجاب کی طرح صوبائی دارلحکومت لاہور کے 9ٹاؤنوں میں 31رمضان بازاروں کے لئے حتمی سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے ، انچارج سکیورٹی شہر ی دفاع اور ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس صداقت علی ملک نے آگاہی دی کہ عزیز بھٹی ٹاؤن میں غازی آباد ، ہربنس پورہ روڈ ماڈل بازار ۔راوی ٹاؤن میں چوک بیگم کوٹ شاہدرہ ۔دہلی گیٹ سرکلر روڈاور گرلز ڈگری کالج الہی بخاری روڈ بادامی باغ ۔ سمن آباد ٹاؤن میں وحدت ڈگری کالونی ڈگری کالج نزد فٹبال گراؤنڈ،گلشن راوی مون مارکیٹ اور ندیم شہید روڈ۔واہگہ ٹاؤن میں مین جی ٹی روڈ اور بیدیاں روڈ ،داتا گنج بخش ٹاؤن میں شادمان نزد واپڈا گرڈ اسٹیشن،کریم پارک اور اسلام پورہ نزد گورنمنٹ ڈگری کالج۔گلبرگ ٹاؤن میں ماڈل ٹاؤن لنک روڈ ،برکت مارکیٹ گارڈن ٹاؤن ،مکہ کالونی ،غالب مارکیٹ کرکٹ گراؤنڈاور باب پاکستان والٹن روڈ ۔علامہ اقبال ٹاؤن میں ماڈل بازار مین پلازہ جوہر ٹاؤن،ماڈل بازار شیر شاہ کالونی راولپنڈی،ماڈل بازار سبزازار،ماڈل بازار ٹھوکر نیاز بیگ ،ماڈل بازار چوہنگ اور ماڈل بازار رائے ونڈ جبکہ نشتر ٹاؤن میں ماڈل بازار ٹیپو بلاک ٹاؤن شپ،کاہنہ نو مین فیروز پور روڈ اور نشتر کالونی فیروز پور روڈ میں رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں جو کہ کمشنر لاہور اور ڈی سی او کے احکامات کی روشنی میں 3جون کو فعال ہو جائیں گے ۔جن کے اعدادو شمار اور سکیورٹی کی صورتحال بارے رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ڈی سی او لاہور اور کمشنر لاہور ڈویژن کو ارسال کی جائے گی ،پنجاب پولیس،آئی بی اور دوسرے سیکیورٹی اداروں کے ہمراہ محکمہ سول ڈیفنس کے 500سے زائد رضاکار بھی تمام رمضان بازاروں ،مساجد، امام بارگاہوں میں سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جس کے لئے حتمی منصوبہ بندی اور سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے ۔ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس صداقت علی ملک نے مزید بتایا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فائر برگیڈ اور بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔