حکومت آئی ایم ایف کا تیار کردہ بجٹ پیش کرے گی،ناصر رمضان

حکومت آئی ایم ایف کا تیار کردہ بجٹ پیش کرے گی،ناصر رمضان

لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ لاہور کے ترجمان ناصر رمضان گجر نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کا تیار کردہ بجٹ پیش کرے گی جس میں اربوں روپے کے ٹیکس نافذ کرکے عوام کو قربانی کا بکر ا بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ تین بار وزیراعظم اور پنجاب میں تسلسل کے ساتھ وزارت اعلیٰ کے دور میں حکومت اپنے معیار کا کوئی ہسپتال تعمیر نہ کرواسکی جہاں وہ دل کے بائی پاس آپریشن کرواسکتے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تو بیرون ملک اپنے دل کا کامیاب آپریشن کرواچکے اگر وہ لاہور میں کارڈیالوجی ہسپتال کا بھی وزٹ کرتے تو انہیں یہ تکلیف دہ صورتحال آشکارہوتی ۔

جہاں غریب اور نادار مریضوں کو دل کے آپریشن کے لیے ایک سے ڈیڑھ دو سال بعد کی تاریخیں دی جاتی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں بجٹ2016-17کے سلسلہ میں لاہور کے کارکنوں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔میٹنگ میں سید محمد ارشد بخاری،چوہدری محمد اشرف،رضوان گل، رانا عاصم ،ڈاکٹر ناصر و دیگر کارکنوں نے شرکت کی۔ناصر رمضان گجر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجٹ میں صحت کے شعبہ کے لیے رکھا گیا 2ارب کا بجٹ استعمال نہ کرنا حکومتی نااہلی کی شرمناک مثال ہے عوام ہسپتالوں میں علاج معالجہ اور مفت ادویا ت کی فراہمی سے محروم رہے لیکن حکومتی اہلکارمختص کردہ اربوں روپے کاصحت کا بجٹ استعمال ہی نہ کرسکے۔پنجاب میں ہیپاٹائٹس کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے اور لیکن حکومت ہسپتالوں میں اس کی ادویات اور ٹیکے بھی فراہم نہ کرسکی جس کے باعث مریض موت کے منہ میں جارہے ہیں اور پرائیویٹ مہنگا علاج کروانے پر مجبور ہیں

مزید : میٹروپولیٹن 4