وزیر اعظم نوازشریف کی صحت کے لئے دعا گو ہیں،رفیق تارڑ

وزیر اعظم نوازشریف کی صحت کے لئے دعا گو ہیں،رفیق تارڑ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

�آلاہور(خبر نگار خصوصی)محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ آج یوم تشکر ہے۔ اللہ تعالیٰ جب کسی قوم پر مہربان ہوتے ہیں تو قوم کو ایسا رہنما عطا فرما دیتے ہیں جو اپنے عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے خدمت خلق میں لگ جاتا ہے، میاں محمد نواز شریف بھی ایک ایسے ہی رہنما ہیں ۔ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور انہیں اتنی ہمت،توفیق اور وسائل عطا کرے کہ وہ ملک و قوم کی پریشانیوں کو دور کر کے پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی جمہوری ملک بنا سکیں۔ میں میاں نواز شریف کو نہایت قریب سے جانتا ہوں، وہ عجز و انکساری کا پیکر ہیں۔ چند روز قبل میں نے ان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تو انہوں نے کہا میں خود آپ سے ملنے آؤں گا۔ چنانچہ وہ تشریف لائے اور ہمارے درمیان دو گھنٹے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے اپنی اولاد کی اس انداز میں تربیت کی ہے کہ آدمی حیران رہ جاتا ہے کہ یہ ملک کے سب سے بڑے آدمی کی اولاد ہیں۔ میاں نواز شریف کا ایک بڑا کارنامہ 28مئی 1998ء کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے کرنا ہے ۔پاکستان کے ایٹمی دھماکوں سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی۔ ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ یہ شکرانہ کی محفل ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کا آپریشن کامیاب رہا ہے ،اب ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد مکمل صحت عطا فرمائے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پاکستان کی سالمیت کے حوالے سے تسلسل کے ساتھ کام کر رہا ہے۔چیف جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں بعض ایسے مراحل آتے ہیں جب چند شخصیات کا وجود نہایت ضروری ہو جاتا ہے۔ ہمارا ملک جن مراحل سے گزر رہا ہے اس وقت میاں نواز شریف کا وجود بھی نہایت ضروری ہے ۔پروگرام کے دوران میاں نواز شریف کے کامیاب آپریشن کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی جبکہ میاں فاروق الطاف ،بیگم صفیہ اسحاق ، ڈاکٹر پروین خان اور ڈاکٹر یعقوب ضیاء نے محمد رفیق تارڑ کو گلدستے پیش کیے۔ آخر میں چیف جسٹس(ر) خلیل الرحمن نے ملکی تعمیر و ترقی اور میاں نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کروائی۔