دوہرے قتل کے ملزم اسلم عرفاچھو کو 22سال بعد 2بار سزائے موت
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج ناصر جاوید رانا نے دوہرے قتل کے مقدمہ میں ملوث مجرم محمد اسلم عرف اچھو کو 22سال بعددو بار سزائے موت اور 6لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا ہے ۔عدالت میں تھانہ باغبانپورہ پولیس نے 1994 ء میں دو افراد اکبر اور منیر احمد کو قتل کرنے کے الزام میں چالان پیش کررکھا تھا، عدالت میں چالان آنے پر فاضل جج نے اس کی سماعت کی اور جرم ثابت ہونے پر مذکورہ مجرم کودو بار سزائے موت اور 6لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا ہے ،استغاثہ کے مطابق اسلم عرف اچھو اور مقتولین منیراحمد اور اکبرکے درمیان دیرینہ عداوت چلی آ رہی تھی اسی رنجش پر اس نے ملزم نے عین اس وقت فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کردیا تھا جب وہ سیشن کورٹ گواہی کے لئے جا رہے تھے۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد اسلم عرف اچھو فرار ہو گیا تھا۔
جس کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے کیس کو داخل دفتر کردیا گیاتھا تاہم بعدازاں گرفتاری پر اس کا کیس دوبارہ شروع ہوا جس پر عدالت نے مذکورہ بالا سزا سنا ئی ہے ۔