صدر ممنون نے خطاب میں ڈرون اور پانامہ لیکس پر بات نہیں کی،میاں مقصود

صدر ممنون نے خطاب میں ڈرون اور پانامہ لیکس پر بات نہیں کی،میاں مقصود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے صدر مملکت ممنون حسین کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کومایوس کن قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پوری قوم توقع کررہی تھی کہ صدر پاکستان ممنون حسین اپنے خطاب میں ڈرون حملوں پر امریکہ کی پُرزور مذمت کریں گے اور پانامالیکس پر احتساب کی بات بھی کریں گے مگر افسوس ناک امر یہ ہے کہ صدر ممنون حسین نے ان دونوں اہم ایشوز پر لب کشائی کی زحمت گوارہ نہیں کی۔سربراہ مملکت کی جانب سے اہم قومی معاملات کونظر انداز کرناموجودہ حکمرانوں کے لئے سوالیہ نشان اور لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر پاکستان کو ڈرون حملوں پر امریکہ سے بھرپور احتجاج کرناچاہئے تھا۔امریکہ پاکستان پر اب تک 400سے زائد ڈرون حملے کرچکا ہے اور اس میں ہزاروں معصوم بے گناہ پاکستانی جاں بحق ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت پاکستان کا ڈرون حملوں پر بات نہ کرنامنافقت، بے حسی اور مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ صدر ممنون حسین کی تقریر کے برعکس آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا ڈرون حملوں کے خلاف شدیدردعمل قابل تحسین ہے۔آرمی چیف نے درحقیقت ڈرون حملو ں پر امریکہ کے خلاف سخت موقف اختیار کرکے پوری قوم کی ترجمانی کی ہے۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف کی طرح صدر اور وزیر اعظم اور وفاقی وزراء کو بھی ملکی وقومی مفاد کو ہمیشہ پیش نظر رکھنا چاہئے اور قومی اہمیت کے معاملات کی کسی بھی طور پرچشم پوشی نہیں کرنی چاہئے۔