تمام مسائل کا حل بے لاگ اور بلا امتیاز احتساب میں ہے ، سراج الحق

تمام مسائل کا حل بے لاگ اور بلا امتیاز احتساب میں ہے ، سراج الحق

 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ کچھ لوگ کرپشن کے بت کو گرد و غبار اور شورشرابے میں چھپاناچاہتے ہیں مگر قوم نے ٹھان لی ہے کہ احتساب ابھی نہیں تو کبھی نہیں، تمام ملکی مسائل کا حل ایک بے لاگ اور بلاامتیاز احتساب میں ہے ،جب تک قومی دولت لوٹنے والوں کو گریبانوں سے پکڑ کر اقتدار کے ایوانوں سے نہ نکالا گیا ، قوم مسائل کی دلدل سے نہیں نکل سکے گی۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی ، اسٹیبلشمنٹ اور حکومت نے اپنے لوگوں کا احتساب نہ کرنے کی روایت جاری رکھی تو ملک میں کبھی حقیقی احتساب نہیں ہوسکے گا،حقیقی اور نظر آنے والا احتساب پوری قوم کا مطالبہ ہے مگر حکومت تاخیری حربوں سے اسے ناکام بنانے پر تلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی ٹی او آرز پر ڈیڈ لاک فوری ختم کرے، بااختیار کمیشن بنانے میں حکومت کو فراخدلی کا مظاہرہ کرناچاہیے، کمیشن کو اختیار نہ دینے کا مطلب یہ ہے کہ حکومت احتساب کے معاملے میں سنجیدہ نہیں۔دوسری طرف امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی سے ملاقات کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کے خاتمے کے لیے بھارت جو ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کررہاہے ، وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روح کے منافی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان اس مسئلے کواقوام متحدہ اور عالمی اداروں میں موثر طور پر اٹھائے۔

مزید : علاقائی