ایک ماہ میں ڈکیتی ، چوری اور دیگر سنگین وارداتوں میں 151ملزمان گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر) نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت جاری کاروائیوں کے دوران پیرو فورس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران شہر میں ہونے والی ڈکیتی ، راہزنی ، چوری،منشیات فرورشی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث151 ملزمان کوگرفتار کیاہے۔ گرفتار ملزموں کی نشاندہی پر منشیات، مال مسروقہ،نقدی اوربھاری مقدار میں ناجائز آتشیں اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایس پی مجاہدسید کرار حسین کی زیر نگرانی پولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں پیٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کے دوران ڈکیتی اور راہزنی میں ملوث 5گینگز کے17ملزمان، منشیات کے 43، 49اشتہاری اور عدالتی مفرور، ناجائز اسلحہ کے 22، پتنگ بازی کے02سمیت دیگر جرائم میں ملوث 151ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے 08کلو سے زائد چرس،02کلو قیمتی ہیروئن،119لیٹردیسی40بوتل ولائتی شراب، 29 پسٹل، 02 کاربین، 02 رپیٹر، 200 گولیاں وکارتوس، 24 موبائل، 03 موٹر سائیکل ،01رکشہ مال مسروقہ اورنقدی برآمد کر کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا ۔ اس موقع پرایس پی مجاہد نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف شہر بھر میں پولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیمیں دن رات سر گرم عمل ہیں اور شہریوں کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کی ناصرف روک تھام بلکہ شہریوں سے لوٹے ہوئے مال کی برآمدگی پر بھی بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ ایس پی مجاہدسید کرار حسین نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں اورجب بھی اپنے اردگرد جرائم پیشہ افراد اور غیر قانونی سرگرمیاں دیکھیں توفوراً ریسکیو15 پر اطلاع دیں تاکہ پولیس آپ کی مدد کے لئے پہنچ سکے۔