اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل کیلئے کوئی بھی قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں ، جنرل راحیل شریف

اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل کیلئے کوئی بھی قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 راولپنڈی( اے این این، آ ن لائن، ما نیٹر نگ ڈیسک ) آرمی چیف جنرل ر احیل شریف نے کہاہے کہ پاکستان کو مشکل اور مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، سازشوں سے آگاہ ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری کے خواب کی تعبیر کے لیے کوئی بھی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں ، آپریشن ضرب عضب کامیابی کے ساتھ آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، جلددہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا ۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعرات کو جی ایچ کیو میں جنرل راحیل شریف کی صدارت میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز،فارمیشن کمانڈرز اورپرنسپل سٹاف افسران نے شرکت کی ۔ کانفرنس کو ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پراظہارخیال کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں پر فوجی افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم ایک دہائی سے زائد عرصہ تک دہشت گردی کا شکار رہی ہے تاہم اب قوم کے عزم اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دہشت گردی پر قابو پا لیاہے جلداس ناسور کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے یہ آپریشن اسی سال مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو مشکل اور مختلف چیلنجز کا سامنا ہے غیر ملکی سازشوں سے آگاہ ہیں پاک فوج ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ اس خواب کی تعبیر کے لیے کوئی بھی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں ۔

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان ایئر فورس کی فضائی مشق (ٹیمپٹ ٹو) اختتام پذیر ہو گئی اختتامی تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہ اور چیئر مین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے شرکت کی اور فوجی مشقوں کا معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کی فضائی مشق (ٹیمپٹ ٹو) جمعرات کے روز اختتام پذیر ہوئی ۔ اختتامی تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، سربراہ پاک نیوی ایڈمرل ذکا اللہ، ایئر چیف مارشل سہیل امان اور چیئر مین جوانٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے شرکت کی اور کامیاب مشقوں کے انعقاد کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پیشہ ورانہ امور کی بجا آوری میں فوج کا دیگر فورسز سے قریبی تعاون ہے اور تینوں فورسز کے درمیان ایک زبردست کو آرڈینیشن موجود ہے جو ملکی دفاع کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس طرح کی مشقوں سے پاک فضائیہ کی اپریشنل تیاریوں میں بھرپور مدد ملے گی۔ پاک فضائیہ ہر طرف سے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے مکمل تیار ہے۔ انسداد دہشتگردی کے لئے فوجی مشقوں کا اہم کردار ہے۔ باہمی تعاون کا بھرپور مظاہرہ ضرب عضب میں دیکھنے کو ملا۔ مسلح افواج کی مشترکہ کاوشوں نے ملک سے دہشتگردی ختم کرنے میں بہت ہی اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے کہا کہ فوجی مشقیں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ جدید دور میں پاک فضائیہ کا کردار قابل فخر اور قابل تعریف ہے۔ اس طرح کی مشقوں سے ہمیں جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملتی ہے۔
سہیل اما ن،جنرل راشد محمود

مزید :

صفحہ اول -