مدینہ منورہ میں ٹریفک پولیس کی طرف سے خصوصی انتظامات
جدہ (بیورورپورٹ) رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے دوران مدینہ منورہ میں ٹریفک پولیس کی طرف سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ محکمہ پولیس نے ماہ رمضان المبارک میں لوگوں کی سہولت کیلئے 1300اہلکار متعین کیے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے ریجنل ڈائریکٹر کرنل نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں ملک اور بیرون ملک سے بڑی تعداد میں زائرین شہرنبی ﷺ آتے ہیں جس سے شہر میں کافی اژدہام ہوتا ہے۔ لوگوں کو ٹریفک بہتر سہولیات مہیا کرنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ تاکہ مرکزی علاقے میں ٹریفک جام پر قابو پایا جاسکے، اور لوگوں کو سہولیات حاصل ہو سکیں۔ کرنل نواف کے مطابق محکمہ کی جانب سے افسران اور اضافی اہلکار متعین کیے گئے ہیں جو 24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ کرنل نواف کے مطابق ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ریکارڈ کرنے کیلئے خفیہ پولیس اہلکاروں کو بھی شاہراؤں پر تعینات کیا جائے گا۔ جوٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کا چالان بھی کر سکیں گے۔