محبوبہ مفتی نے اننت ناگ کے ضمنی انتخابات کیلئے اپنے کاغزات نامزدگی داخل کر دیے

محبوبہ مفتی نے اننت ناگ کے ضمنی انتخابات کیلئے اپنے کاغزات نامزدگی داخل کر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سری نگر(کے پی آئی)ریاست کے وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے اننت ناگ کے ضمنی انتخابات کیلئے اپنے کاغزات نامزدگی داخل کئے۔محبوبہ مفتی اپنے سیاسی مستقبل کی پہلی جنگ اننت ناگ سے لڑنے جارہی ہے۔ محبوبہ مفتی نے اسمبلی حلقہ انتخاب اننت ناگ کے ضمنی انتخابات کے لئے ریٹرننگ افسر کے پاس کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ان کے ہمراہ رکن پارلیمان مظفر حسین بیگ، سابق ڈپٹی سپیکر محمد سرتاج مدنی، سابق وزیر ڈاکٹر محبوب بیگ اور قانون ساز اعجاز احمد میر و فردوس احمد ٹاک بھی تھے۔محبوبہ مفتی اننت ناگ نشست سے انتخاب لڑ رہی ہیں جہاں ان کے والد اور سابق وزیر اعلی مرحوم مفتی محمد سعید کی اس سال7 جنوری کے روز وفات کے سبب ضمنی انتخابات کا انعقاد لازمی بن گیا تھا۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ بدھوار تھی جب کہ کاغذات کی چھان بین 2 جون کو کی جائے گی۔
امید وار4 جون تک اپنی نامزدگی واپس لے سکتے ہیں جب کہ انتخابات19 جون کو منعقد ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی22 جون کو ہوگی۔واضح رہے کی محبوبہ مفتی گذشتہ بیس برسوں کے دوران تین مرتبہ ریاستی اسمبلی کے لئے منتخب ہوئی ہیں اور انہیں پہلی کامیابی کانگریس امیدوار کی حیثیت سے بجبہاڑہ حلقہ میں1996 میں منعقد انتخابات میں حاصل ہوئی تھی۔انہوں نے کبھی بھی اسمبلی انتخابات میں ناکامی کا سامنا نہیں کیا ہے۔انہوں نے1999 میں اسمبلی سے استعفی دے کر اپنے والد کے ہمراہ علاقائی سیاسی جماعت پیوپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی بنیاد ڈالی۔انہوں نے2002 میں پہلگام اسمبلی حلقہ سے جیت درج کی لیکن2 سال بعد جب وہ اننت ناگ سے لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئیں ، تو وہ پہلگام نشست سے مستعفی ہوئیں۔انہوں نے جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے وچی اسمبلی حلقہ سے2008 میں انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور ایوان میں پورے چھ سال2014 تک مکمل کئے۔انہیں جنوبی کشمیر سے2014 کے انتخابات کے دوران لوک سبھا کے لئے چنا گیا اس لئے انہوں نے اس سال بعد میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔اننت ناگ پہنچتے ہی پی ڈی پی ورکروں نے محبوبہ مفتی کا استقبال کیا اور پی ڈی پی اور محبوبہ کے حق میں نعرے بلند کئے۔کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد محبوبہ مفتی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پی ڈی پی کا مقابلہ یک طرفہ ہے اور اننت ناگ کے لوگوں نے ہمیشہ مرحوم مفتی محمد سعید پر اعتماد دکھایا ہے اور آج بھی وہ ایسا ہی کریں گے تاکہ انکے مرحوم لیڈر کا اننت ناگ میں تعمیر و ترقی کے سورج کو طلوع کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوجائے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ مرحوم مفتی محمدسعید کواننت ناگ کے لوگوں نے انکے برے دنوں میں کافی ساتھ دیا ہے اور مجھے بھی امید ہے کہ لوگ ضمنی انتخاب میں بھاری اکثریت سے مجھے کامیاب کریں گے۔#

مزید :

عالمی منظر -