یاسین ملک ہنوز سرینگر سینٹرل جیل میں قید ہیں ‘جبکہ شوکت احمد بخشی بھی بدستور گھر پر نظر بند
سری نگر(کے پی آئی)لبریشن فرنٹ کے محبوس چےئرمین محمد یاسین ملک ہنوز سرینگر سینٹرل جیل میں مقید ہیں ۔ جبکہ شوکت احمد بخشی بھی بدستور خانہ نظر بند ہیں ۔ پولیس نے رات دیر گئے نور محمد کلوال اور بشیر احمد کشمیری کے گھر وں پر چھاپے ڈالے۔ فرنٹ نے اس بد ترین پولیس گری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قائدین اور اراکین اور انکے خاندانوں کو چھاپوں ،قید وبند اور قدغنوں سے ہراساں کرنا حکومتی بو کھلاہٹ کو واضح کررہا ہے اور اس سے یہ بات بھی اظہرمن الشمس ہورہی ہے کہ حکمران نام نہاد جمہوریت کی آڑمیں بد ترین آمرانہ روش اختیار کررہے ہیں ۔دریں اثنافرنٹ کے محبوس چیئرمین محمدیسین ملک نے پاکستانی وزیراعظم محمد نواز شریف کے کامیاب آپریشن پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم کی فوری اور مکمل صحت یابی کیلئے بھی اللہ تعالی سے دعا کی ہے۔ یاسین نے امان اللہ خان کے دست راست ملک شفیع کے انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا۔