جدہ:موبائل سیکٹر میں کام کرنے والے مقامی افراد کے قرض کی درخواست منظور
جدہ (بیورورپورٹ) موبائل سیکٹر میں کام کرنے والے مقامی افراد کے قرض کی درخواست منظور کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودیوں کو قرض فراہم کرنے والے بینک نے موبائل کے کاروبار کے لئے مقامی نوجوانوں کے لئے ایک کروڑ 40 لاکھ ریال کا بجٹ منظور کرلیا ہے ۔ بینک ذرائع کے مطابق 107سعودی نوجوانوں نے بینک کو قرض کی درخواست کی تھی۔ بینک نے قرض کی منظوری دے دی ہے۔ قرض حاصل کرنے والے سعودی شہریوں میں 99مرد جبکہ 8 خواتین بھی شامل ہیں۔ ان افراد نے مقامی فنی تربیت فراہم کرنے والے ادارے سے فنی تربیت بھی حاصل کی ہے۔ سعودی نوجوانوں کو ذاتی کاروبار کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی نوجوانوں کے لئے بینک نے خصوصی سکیم شروع کی ہے جس میں نوجوان کو آسان شرائط پر قرض فراہم کیا جاتا ہے۔
اس سکیم کے تحت چھوٹے کاروبار کے لئے قرض کی حد زیادہ سے زیادہ 2 لاکھ ریال ہے۔ قرض حاصل کرنے کے لئے بینک اور مقامی نوجوانوں کو تربیت دینے والے ادارے کی جانب سے خصوصی ویب سائٹ لانچ کی گئی ہے، قرض حاصل کرنے کے لئے متعدد شرائط بھی عائد کی گئی ہیں جن میں سب سے اہم یہ ہے کہ درخواست گزار سعودی شہری (مرد یا خاتون) ہو اور اس کی عمر 18 سال سے 60 سال تک ہو اور وہ اس کاروبار میں مہارت رکھتا ہو۔ اس کے علاوہ موبائل کے مرمت کا کام سکھانے والے ادارے کا کہنا ہے کہ اب کافی نوجوانوں کو موبائل مرمت کی تربیت دی گئی ہے جن میں سعودی خواتین بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ یکم رمضان سے موبائل مارکیٹ میں سعودائزیشن کے قانون پر عملدرآمد شروع کردیا جائے گا جس کے مطابق موبائل مارکیٹ میں 100 فیصد سعودائزیشن ہوگی۔