سوئٹزرلینڈ میں ہر شہری کو اڑھائی ہزار ڈالر الاؤنس بارے ریفرنڈم 5جون کو ہوگا
جنیوا (اے پی پی) سوئٹزرلینڈ میں ہر شہری کو ماہانہ کم از کم اڑھائی ہزار ڈالر کے برابر الاؤنس ادا کرنے بارے ریفرنڈم 5 جون کو ہو گا۔مجوزہ منصوبے کے تحت 18 سال سے کم عمر کے بچوں کو بھی6 سو ڈالر ماہانہ کے برابر ادائیگی کی جائے گی۔سوئس حکومت کا موقف ہے کہ کم از کم آمدن مقرر کرنے سے نہ صرف اخراجات میں اضافہ ہو جائے گا بلکہ یہ اقدام معاشرے کو بھی متاثر کرے گا۔ بعض ماہرین نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا ہے کہ اگر کام کیے بغیر ہر بالغ شخص کو ماہانہ خرچہ دے دیا گیا، تو لوگوں میں کام کرنے کا رجحان بھی ختم ہو جائے گا۔دوسری جانب اس کے حق میں مہم چلانے والوں کی رائے میں ایسا نہیں ہو گا بلکہ ان کی رائے میں ہر شہری کو کم از کم رقم مہیا کرنے سے نہ صرف ایک باوقار معاشرہ تشکیل پائے گا بلکہ ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں، جب کہ انسانوں کے بجائے مشینوں سے زیادہ کام لیا جا رہا ہے، عوامی فلاح و بہبود کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔