عراق، دہشت گردی کے واقعات میں ایک ماہ میں 867ہلاکتیں، 1459زخمی

عراق، دہشت گردی کے واقعات میں ایک ماہ میں 867ہلاکتیں، 1459زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بغداد(اے پی پی) قوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ عراق میں مئی کے مہینے میں دہشت گردی کے ہولناک واقعات کے نتیجے میں کم سے کم 867 افراد ہلاک اور 1459 زخمی ہوئے۔ اقوام متحدہ کے زیراہتمام عراق میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ادارے ’’یونامی‘‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی 2016ء عراق میں بدامنی اور دہشت گردی کے واقعات میں بدترین مہینہ ثابت ہوا اور اس میں مجموعی طورپر دو ہزار سے زیادہ شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی کے مہینے میں دہشت گردی کے واقعات میں 468 عام عراقی شہری ہلاک اور 1041 زخمی ہوئے جب کہ بم دھماکوں اور دہشت گردی کے دوسرے واقعات میں عراقی سیکیورٹی فورسز سے وابستہ اہلکار، کرد فوج کے سپاہی اور الانبار کے سوا باقی شہروں میں میں فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردوں سے لڑنے والی ملیشیا کے اہلکار شامل ہیں۔مئی اور اس سے پچھلے ماہ اپریل کے درمیان عراق میں ہلاکتوں کا تقابل کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اپریل میں 741 عراقی شہری ہلاک اور 1374 زخمی ہوئے تھے۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے مذکورہ اعداد وشمار میں الانبار صوبے میں ہونے والی ہلاکتیں شامل نہیں کی گئی ہیں۔ پچھلے چند ایام کے دوران الانبار میں جاری شورش کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی ہیں اگر انہیں بھی مئی میں شامل کیا جائے تو ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہلاکتوں کے حوالے سے بغداد 267 ہلاکتوں اور 760 زخمیوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔ اس کے بعد نینویٰ کے علاقے میں 56 افراد ہلاک ہوئے۔ دیالی میں 49 ہلاک اور 93 زخمی، المثنیٰ میں 41 ہلاک اور 75 زخمی، صلاح الدین گورنری میں 35 ہلاکتیں جب کہ کرکوک میں 7 افراد ہلاک اور 62 زخمی ہوئے ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -