آپریشن ضرب عضب آخری دہشتگردی کے خاتمے تک جاری رہے گا ، طارق فاطمی
اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان میں چیلنجز کے باوجود جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے،پاکستان ہمسائیوں کے ساتھ پر امن ماحول ،تعلقات ،علاقائی استحکام اور خوژخالی کا خواہاں ہے،پاکستان میں اقتصادی شعبے میں واضح پیش رفت ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان کی یاسمین قریشی اور ناز شاہ کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا،ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ معاون خصوصی نے برطانیہ کی ارکان پارلیمنٹ کو وزیر اعظم نواز شریف کے وژن سے تفصیلی آگاہ کیا۔طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اچھے تعلقات ہیں جنہیں مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا جس سے سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی تھا جس سے نمٹنے کے لیے آپریشن ضرب عضب شروع کیا جو کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔اس موقع پر برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت نے تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے،جسے مزید بہتر بنانے کے لیے کوشش کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ برطانیہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہتا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔