پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی. درخواست گزار منیر احمد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مالی سال 2015 کا بجٹ خسارہ مکمل کرنے اور مالی اہداف حاصل کرنے کے نام پرپٹرولیم مصنوعات پر 50فیصد سے زائد سیلز ٹیکس عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2016 ء کا نیا بجٹ آنے والا ہے مگر حکومت غیر قانونی طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر سیلز ٹیکس کی پرانی شرح برقرار رکھے ہوئے ہے جبکہ حکومت اس اقدام کے ذریعے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے جو کہ آئین کے آرٹیکل 3 ،9 اور14 کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ سیلز ٹیکس ایکٹ کے سیکشن تین کے تحت پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 8روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 13روپے کمی کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو 6 جون کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔