فیصل آباد،بھکر اور جھنگ روڈ کی منظور شدہ سڑکوں کی چوڑائی کم کرنے کے اقدام کیخلاف دائر درخواست پر محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو نوٹس
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے فیصل آباد،بھکر اور جھنگ روڈ کی منظور شدہ سڑکوں کی چوڑائی کم کرنے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست پر محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فیصل آباد،بھکر اور جھنگ روڈ کی سڑکوں کو 120فٹ چوڑا کرنے کی منظوری دی گئی مگر دوران تعمیر سڑکوں کی چوڑائی 80 فٹ کردی گئی،انہوں نے کہا کہ منظور شدہ بین الاضلاعی سڑکوں کی چوڑائی کم ہونے سے حادثات کے بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ آبادی کے دباو کی وجہ سے سڑکوں پر مسلسل ٹریفک جام رہنے سے شہریوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑئے گا،انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو اس کی اصل روح کے مطابق مکمل کرنے کی بجائے انہیں غلط طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جاتا ہے جس کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑتا ہے،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عدنان طارق نے حکومت پنجاب کی جانب سے عدالت کو بتایا کہ سڑکوں کی چوڑائی ارد گرد موجود کاروباری مراکز کو تباہ ہونے سے بچانے اور لاگت کم رکھنے کے کے لئے کی گئی ،عدالت نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت 3جون تک ملتوی کردی ہے۔