توہین عدالت کی درخواست پر ڈی سی او لاہور سے دو ہفتوں میں جواب طلب
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر ڈی سی او لاہور سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیاہے، جسٹس شاہد وحید نے سنت نگر کے رہائشی محمد کامران کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی،د رخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ویٹرنری یونیورسٹی سے درخواست گزار کے بوائز ہاسٹل کو جانے والا راستہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے بوائز ہاسٹل آنے جانے والوں کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے،راستہ بند کرنے کے خلاف ڈی سی او کو درخواست دی تھی ، ہائیکورٹ نے اس درخواست پر دو ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا مگر کئی ماہ گزرنے کے باوجود اس درخواست پر فیصلہ نہیں کیا جا رہا ، ڈی سی او کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈی سی او سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیاہے۔