بجٹ میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کیلئے بہترین پیکج لا رہے ہیں: عائشہ غوث پاشا

بجٹ میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کیلئے بہترین پیکج لا رہے ہیں: عائشہ غوث پاشا

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ اس سال بجٹ میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے لئے بہترین پیکج لا رہے ہیں نہ پہلے کسی ڈیپارٹمنٹ کا بجٹ اورنج لائن پر لگایا گیا تھا نہ ہی اب لگایا جا رہا ہے اورنج لائن ٹرین کو چائنا فنانس کر ر ہا ہے ملک میں مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لئے ایسے بہت سے منصوبے متعارف کروائے جس کا برا ہ راست فائدہ عام آدمی کو ہو گا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گزشتہ روز گنگا رام ہسپتال میں فاطمہ جناح میڈیکل کالج کے شعبہ جات یورالوجی اور گائنی کے اشتراک سے قائم کئے جانے والے پہلے یوروگائنی کلینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ علاج معالجے کی سروسز مہیا کرنے والے ڈاکٹرز ، ہسپتالوں اور پیرا میڈیکس سٹاف کے حقوق کا تحفظ بھی ہماری ذمہ داری ہے ۔حکومت پنجاب کا بجٹ محض نمبر گیم نہیں ہے اسے باقاعدہ منصوبہ بندی سے تیار کیا جا رہا ہے انشااللہ کسی شعبے کا کوئی شخص نظر انداز نہیں کرسکے گا۔DHQ اور BHQ کی شکل میں ہمارے پاس پبلک ہسپتالوں کا بہترین نیٹ ورک موجود ہے اس وقت ہمارا تمام تر فوکس ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے ، ہسپتالوں میں ضروری طبی آلات فراہم کرنے ، سٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے اور ضرورت مند افراد کو مفت ادویات فراہم کرنے کی جانب ہے ۔امید ہے کہ اس ضمن میں ہمیں آپ کا بھر پور تعاون حاصل رہے گا ۔یوروگائنی میڈیکل سائنس میں ایک نیا شعبہ ہے گنگا رام ہسپتال کو پنجاب میں اپنی نوعیت کے اس پہلے کلینک کے قیام کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ صوبائی وزیر نے امید ظاہر کی کہ فاطمہ جناح میڈیکل کالج کے ہونہارطلبا و طالبات مستقبل میں بھی اپنی تحقیقات سے بہتر علاج کے نت نئے طریقے متعارف کرواتے رہیں گے ۔

مزید : صفحہ آخر