عوامی پیسے اور جائیداد کا ستیاناس کرنے والوں کو پرکشش جگہ پر ٹرانسفر کردیا جاتا ہے: لاہور ہائیکورٹ

عوامی پیسے اور جائیداد کا ستیاناس کرنے والوں کو پرکشش جگہ پر ٹرانسفر کردیا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری مقدمے کا بھرپوردفاع نہ کرنے پر ڈی جی فشریز کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیاہے،عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ عدالت بخوبی آگاہ ہے کہ عوامی پیسے اور جائیداد کا ستیاناس کرنے والوں کوسزا دینے کے بجائے پرکشش جگہ پر ٹرانسفر کر دیا جاتا ہے۔جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عدنان طارق نے عدالت کو بتایا کہ پرویز افضل نامی ٹھیکیدار نے فشریزڈیپارٹمنٹ کے خلاف سول کورٹ میں 20کروڑ روپے ہرجانے کا دعوی دائر کر رکھا ہے ،اس مقدمے کو سرکاری وکلاء کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے محکمہ ماہی پروری کا حق دفاع چھین لیا،عدالت نے استفسار کیا کہ محکمے کے اپنے اہلکاروں کی ملی بھگت کی بناء پر محکمہ ماہی پروری کو حق دفاع سے محروم ہونا پڑا،عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ غفلت کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کیا کارروائی عمل میں لائی گئی،سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا غفلت کا مظاہرہ کرنے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کا تبادلہ کر دیا گیا،عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ عدالت بخوبی آگاہ ہے کہ عوامی پیسے اور جائیداد کا ستیاناس کرنے والوں کوسزا دینے کے بجائے پرکشش جگہ پر ٹرانسفر کر دیا جاتا ہے،المیہ یہ ہے کہ جن افسران کا تبادلہ کیاگیا اب وہ اگلے عہدوں پہ ترقی بھی پا چکے ہوں گے،عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ جن افسران کو محکمے کی دیکھ بھال کا ذمہ دار بنایا گیا ان کے خلاف غفلت کرنے پر کیا کارروائی کی گئی ہے ،عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے ڈی جی فشریز کو ذاتی حیثیت میں جواب سمیت وضاحت کے لئے طلب کر لیا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -